کیوی کپتان سابق کرکٹرکیخلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے

فیصلے کا مقصد ہرجانے کی طلبی نہیں، الزامات کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہوں، میک کولم


AFP April 20, 2013
فیصلے کا مقصد ہرجانے کی طلبی نہیں، الزامات کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہوں، میک کولم فوٹو: فائل

کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے قیادت کے حوالے سے الزامات لگانے والے سابق کرکٹر جون پارکر کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔

31 سالہ بیٹسمین نے گذشتہ برس دسمبر میں متنازع حالات میں روس ٹیلر کی جگہ نیوزی لینڈ ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی تھی، اس معاملے پر ملکی کرکٹ کمیونٹی نے ان سمیت کوچ مائیک ہیسن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، گذشتہ دنوں میڈیا میں جون پارکر کی بنائی ہوئی 9 صفحات کی رپورٹ افشا ہوئی، جس میں الزامات لگائے گئے کہ کس طرح برینڈن میک کولم نے کیوی ٹیم کی قیادت حاصل کی۔

وکلاکے ذریعے جاری شدہ بیان میں برینڈن میک کولم نے کہاکہ پارکر کے الزامات پر میں آئندہ ہفتے عدالت میں کیس دائر کروں گا تاکہ سابق بیٹسمین اپنے الزامات واپس لیں، کیوی کپتان نے مزید کہاکہ پارکر نے میری ساکھ،ایمانداری اور بطور پروفیشنل اسپورٹس مین اخلاقیات پرسنگین الزامات لگا کر مجھ پر حملہ کیا۔



میں نے اپنے طور پر ان سے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے، انھوں نے میرے پاس اس انتہائی اقدام کے سوا کوئی اور راستہ نہیں چھوڑا، میں اپنی ساکھ کا تحفظ کروں گا، سردست آئی پی ایل میں مصروف میک کولم نے مزید کہا کہ میرا یہ مقدمہ دائر کرنے کا مقصد جون پارکر سے ہرجانہ طلب کرنا نہیں بلکہ خود پر عائد الزامات کو غلط ثابت کرانا ہے۔

دوسری جانب کیوی کوچ ہیسن نے بھی اس معاملے پر کپتان سے ملتے جلتے خیالات کا اظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ میں نے اس بابت قانونی مشورہ لے لیا اور فی الوقت میرے وکلا معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں