فہیم اشرف نے ڈیبیو پر سنچری کا سنہری موقع گنوا دیا

پاکستان کی جانب سے11کھلاڑی پہلے میچ کویادگاربنانے میں کامیاب ہو چکے

آخری بار عمراکمل نے2009میں نیوزی لینڈ کیخلاف سنگ میل عبور کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

فہیم اشرف نے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری کا سنہری موقع گنوا دیا، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے 12ویں پاکستانی کا اعزاز پانے سے محروم رہ گئے۔

ڈبلن ٹیسٹ میں فہیم اشرف نے83کے انفرادی اسکور پر اسٹورٹ تھامپسن کی ایک گیند کے باؤنس سے پریشان ہوکر وکٹ کیپر نیل اوبرائن کو کیچ دیا تو ایلیٹ کلب میں شامل ہونے کا موقع بھی گنوا دیا، عمراکمل نے ڈونیڈن ٹیسٹ 2009میں نیوزی لینڈ کیخلاف 129رنز کی اننگز کھیل کر ڈیبیو پر سنچری میکر پاکستانیوں کی فہرست میں اپنا نام درج کرایا تھا۔

اس سے قبل خالد عباداللہ،جاوید میانداد، سلیم ملک،محمد وسیم،علی نقوی،اظہر محمود،یونس خان،توفیق عمر، یاسر حمید اور فواد عالم بھی کیریئر کے اولین ٹیسٹ کو تھری فیگر اننگز سے یادگار بنانے میں کامیاب ہوئے تھے، یاسر حمید نے بنگلادیش کیخلاف کراچی ٹیسٹ 2002کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے کا منفرد کارنامہ سرانجام دیا تھا،اوپنر پہلی باری میں170رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے جو پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہے،انھوں نے دوسری اننگز میں 105رنز بنائے تھے۔


اولین ٹیسٹ میں دوسرا بڑا انفرادی اسکور168فواد عالم نے سری لنکا کیخلاف کولمبو ٹیسٹ 2009میں بنایا تھا،تیسری بڑی اننگز خالد عباداللہ نے آسٹریلیا کیخلاف کراچی ٹیسٹ 1964میں کھیلتے ہوئے166رنز بنائے تھے۔ان بیٹسمینوں کی فہرست میں صرف فواد عالم اور عمر اکمل ہی بیرون ملک ڈیبیو پر سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، دیگر نے یہ کارنامہ ہوم گراؤنڈز پر سرانجام دیا۔

ڈیبیو پر تھری فیگر اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہنے کا اعزاز صرف 2کرکٹرز کو حاصل ہوا، اظہر محمود جنوبی افریقہ کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ 1996میں 128 جبکہ سلیم ملک سری لنکا کیخلاف کراچی ٹیسٹ 1982 میں 109 پر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

 
Load Next Story