نوجوان اپنے ووٹ سے ملک میں تبدیلی و ترقی لا سکتے ہیں سیاسی رہنما

ملک آئی سی یومیں ہے،نوجوان ہی بلڈٹرانسفیوژن ہیں،ایسی قوتوںکوووٹ دیں جولباس وتعلیم کیخلاف نہ ہوں،فاروق ستار

کراچی:ایکسپریس میڈیا گروپ اور برٹش کونسل کے زیر اہتمام انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں’’ینگ ڈیموکریسی پالیسی ڈائیلاگ‘‘ میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، جماعت اسلامی کے حامد معین، اے این پی کے بشیر جان، ن لیگ کے کمال احمد اور تحریک انصاف کے اسد عمر شریک ہیں جبکہ پروگرام کی میزبانی کے فرائض ایکسپریس نیوز کے اینکر شاہ زیب خانزادہ انجام دے رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت منعقدہ''ینگ ڈیموکریسی پالیسی ڈائیلاگ ''میں گفتگو کرتے ہوئے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے کہاہے پاکستان''انتہائی نگہداشت کے وارڈ''(آئی سی یو)میں ہے اسے بلڈٹرانسفیوژن کی ضرورت ہیں ملک کے نوجوان بلڈ ٹرانسفیوژن ہیں جوووٹ دے کرملک کوتبدیل کرکے ترقی کی جانب لے جاسکتے ہیں۔

11مئی کونوجوان ایسی قوتوں اوران کے ہمدردوںکوووٹ نہیں دیں جوان کے لباس اورتعلیم کیخلاف ہیں،یہ قوتیں ملک میں جمہوریت اورسیاست کو نہیں مانتی۔ان خیالات کااظہارسیاسی رہنمائوں نے آئی بی اے(انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن)سٹی کیمپس میںمنعقدہ ڈیبیٹ کے موقع پراپنے خیالات کے اظہارمیں کیا۔پروگرام کااہتمام،برٹش کونسل اورآئی بی اے کے تعاون سے کیاگیاتھا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااسدعمر،جماعت اسلامی کے رہنماحامد معین،متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدراورمسلم لیگ (نواز) کے رہنماکمال احمدنے نوجوانوں کے حوالے سے اپنی پارٹی کامنشوربیان کیااورسماعت گاہ میں موجود طلباوطالبات کے سوالات کے جواب دیے۔

پروگرام کی نظامت ''ایکسپریس نیوز''کے میزبان خانزادہ نے کی جبکہ برٹش کونسل سندھ بلوچستان کی ڈائریکٹرباربراوکھم نے ابتدامیں اپنے خیالات کااظہارکیا۔تحریک انصاف کے رہنمااسدعمرنے کہاکہ ان کی پارٹی نے رشتے داریوں کی بنیادپرامیدواروں کوٹکٹ تقسیم نہیں کیے بلکہ محنت اورمیرٹ کی بنیادپرٹکٹ دیے گئے ہیں۔جماعت اسلامی کے حامد معین نے کہاکہ مسلم ممالک میں نوجوانوں کاتناسب 60فیصدہے،ہماریمسائل کاحل اسلام کے نظام معاشرت اورمعیشت میں ہے ہم اقتدارمیں آکرطبقاتی نظام تعلیم کوختم کریں گے اورقوم کوایک زبان میں ایک نظام تعلیم دیںگے۔ایم کیوایم کے رہنماڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ جب علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباوطالبات نے تحریک پاکستان میں حصہ لیاتوقائد اعظم کامیاب ہوئے تھے۔




اب چیلنج پاکستان کوبچانے کاہے جمہوری اورمعاشی عمل میں نوجوانوں کاشامل ہوناضروری ہے،فاروق ستارنے علامہ اقبال کاشعرپڑھاکہ''محبت مجھے ان جوانوں سے ہے ستاروں پرجوڈالتے ہیں کمند''انھوں نے کہاکہ ''ہمارے نوجوان ستاروں پرنہیں بلکہ ستارہ پرکمند ڈال رہے ہیں ایک ستارہ کالج میں اوردوسری محلے میں ہے''۔اے این پی کے رہنمابشیرجان نے کہا کہ جب تک پڑھے لکھے اورمہذب لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے ملک کی تقدیرنہیں بدل سکتی،ہمارے ملک میں35فیصد لوگ ووٹ ڈالتے ہیں اس سے تبدیلی کی خواہش ناممکن ہے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدرنے کہاکہ ان کی حکومت میں سندھ میں10نئی جامعات قائم کی ہیں آئندہ اقتدارملنے پرپیپلزپارٹی 10 ہزار اسکالرشپ بیرون ملک کی جامعات کے لیے دے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کمال احمد نے کہا کہ ان کی حکومت نے پنجاب میں میرٹ کی بنیادپرنوجوانوں کولیپ ٹاپ دیے آج بھارت بھی ان کی تقلیدکررہاہے،ہم اقتدارمیں آکرایجوکیشن ایمرجنسی لگائیں گے اورہمارے کارکنان گھرگھرجاکرلوگوں کواس بات پرقائل کریںگے کہ وہ اپنی بچوں کواسکول بھیجیں۔اس موقع پرمذکورہ سیاست دانوں کے مابین دلچسپ اورتندوتیزجملوں کاتبادلہ بھی ہوا۔پیپلزپارٹی کے رہنما نے مسلم لیگ(ن)کے رہنما کوتجویزپیش کی کہ'' اگران کی پارٹی کی رہنمائی نوازشریف سے کلثوم نواز کومنتقل کردی جائے توپارٹی بہترانداز میں کام کرسکے گی جبکہ نوازشریف کو گھر کا ''کچن'' حوالے کردیاجائے توگھربہترچل سکے گااس جملے پر محفل زعفران زارہوگئی ۔

جبکہ تحریک انصاف کے رہنمانے کسی توقف کے بغیرتاج حیدرکومخاطب کرکے کہاکہ وہ نہیں چاہتے کہ پارٹی قیادت خاندان سے باہرنکلے''مزید براں جب ایک طالب علم کی جانب سے آئینی ترمیم اورصوبوں کے حقوق کے حوالے سے ایم کیوایم کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کیاگیاتوایم کیوایم کے رہنمافاروق ستارنے کہاکہ ''اس معاملے پرتاج حیدرسے سوال کیاجائے وہ سب سے بڑی اتحادی جماعت ہے جس پرسینیٹرتاج حیدرنے برجستہ کہا کہ مجھے گھرجاناہے سب کچھ نہیں کہہ سکتااس پرایم کیوایم کے رہنمانے مسکراتے ہوئے کہا کہ تاج حیدرپچھلے 10سال سے ہرٹاک شومیں یہی کہہ کرجان چھڑالیتے ہیں اس بحث میں اپناحصہ ڈالتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ تاج حیدرکافی لمبے قدکے ہیں ان کے لیے بوری ملنامسئلہ ہوگا''۔

پروگرام کے دوران جب جماعت اسلامی کے رہنما کی جانب سے ایم کیوایم پر تنقیدکاسلسلہ شروع ہواتوایم کیوایم کے رہنما فاروق ستارنے کہاکہ یہ 25سال سے تنقیدکررہے ہیں تاہم کسی بھی حلقے سے نشست حاصل نہیںکرسکے جس پرجماعت اسلامی کے رہنما نے فاروق ستارکومخاطب کرکے کہاکہ آپ ٹھپے مارناچھوڑدیں ہم جیت کردکھادیں گے۔
Load Next Story