دوران پرواز نواز شریف کے طیارے کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی

لاہور میں ہنگامی لینڈنگ،نوازشریف سمیت تمام مسافرمحفوظ،انکوائری کرائی جائے، ڈاکٹر کرمانی

لاہور میں ہنگامی لینڈنگ،نوازشریف سمیت تمام مسافرمحفوظ،انکوائری کرائی جائے، ڈاکٹر کرمانی فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاںمحمد نواز شریف کے خصوصی طیارے کی ونڈ اسکرین کوئٹہ سے حاصل پور جاتے ہوئے ٹوٹ گئی۔

کنٹرول ٹاور کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پائلٹ نے جہاز کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ میاںنواز شریف سمیت تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ طیارے میں میاں نواز شریف کے ساتھ ڈاکٹر آصف کرمانی، طیارے کے عملے اور میرے سمیت7افراد سوار تھے۔ کوئٹہ سے حاصل پور جلسے میںشرکت کے لیے جا رہے تھے۔




طیارہ 3500فٹ کی بلندی پر تھا کہ اچانک آکسیجن ماسک باہر آگئے۔ اس حوالے سے پائلٹ سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ طیارے کی ونڈ اسکرین میں کریک آگیا ہے تاہم کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو ہدایات جاری کیں کہ طیارے کو بہاولپور میں لینڈ نہ کیا جائے بلکہ اسی حالت میں طیارے کو 9000فٹ کی بلندی پر لے جایا جائے اورکم رفتار کے ساتھ لاہور میں ہنگامی لینڈنگ کی جائے۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ میاں نواز شریف سمیت طیارے کے تمام مسافر خیریت سے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حاصل پور کا عوامی جلسہ فی الحال منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی کے مطابق کوئٹہ سے حاصل پور کے لیے طیارے نے تقریبا4بجے ٹیک آف کیا اور25منٹ کے بعد آکسیجن ماسک باہر آگئے۔ انھوں نے کہا کہ طیارے کی ونڈ اسکرین ٹوٹنے پر پائلٹ سمیت سب لوگ پریشان ہوگئے تاہم طیارے کی نجی کمپنی کو انکوائری کرانی چاہیے کہ ایسا واقعہ کیوں پیش آیا ۔
Load Next Story