پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ازبکستان سے ہوگا۔


ویب ڈیسک May 14, 2018
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ازبکستان سے ہوگا۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI: پاکستان نے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

روس کے شہر ماسکو میں جاری اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں پیر کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان اور انڈونیشیا کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے پاکستان کا ساتھ دیا اور اس نے انڈونیشیا کو 4کے مقابلے میں 5 گولز سے ہراکر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، دوسرے سیمی فائنل میں ازبکستان نے برونڈی کو 1-0گول سے ہرایا۔ اس سے قبل اسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے تاجکستان کو شکست دے کر دوسری مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کھیلنے کااعزاز حاصل کیا تھا۔

فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ازبکستان سے ہوگا۔ خیال رہے کہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد 2010 سے کیا جارہا ہے جو فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے ملک میں میگا ایونٹ سے پہلے کھیلا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں اسٹریٹ چلڈرن کی حفاظت اور حقوق سے متعلق آگاہی پھیلانا ہے۔

2014 میں برازیل میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ سے پہلے منعقدہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ 2010 میں ہونے والے اسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔

نوعمرکھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کردیا،فیصل صالح

پاکستان ٹیم کی اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی پر صدر پی ایف ایف فیصل صالح حیات نے مبارکباد پیش کی ہے، اپنے پیغام میں انھوں نے کہاکہ نوعمر کھلاڑیوں نے اپنے شاندار کھیل سے ملک کا نام روشن کیا، امید ہے کہ ٹیم فیصلہ کن معرکے میں ازبکستان کو شکست دیکر ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ رفاعی تنظیم مسلم ہینڈز آرگنائزیشن کے بینر تلے تشکیل پانے والی پاکستان کی اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم نے ورلڈکپ کیلیے ماسکو روانگی سے قبل کوچ محمد رشید کے ہمراہ پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرتے ہوئے فیصل صالح حیات سے ملاقات کی تھی، مسلم ہینڈز کے وفد میں کھلاڑیوں کے ساتھ کنٹری ہیڈ پاکستان سید ضیا النور، پروگرام ایڈوائزر راجہ سلام نصرت، ٹیم مینیجر مجتبیٰ حیدر بھی شامل تھے۔

فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ پاکستانی فٹبالرز نے ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کیا، انڈونیشیا کیخلاف پنالٹی شوٹس پر فتح کے بعد امید ہے کہ ازبکستان کیخلاف فائنل میں بھی پاکستان سرخرو ہوگا، شاندار کارکردگی پر نہ صرف پی ایف ایف بلکہ پاکستان کی پوری فٹبال برادری خوشی سے سرشار ہے، عالمی سطح کے مقابلوں کیلیے ایک بہترین اسکواڈ تشکیل دینے پر مسلم ہینڈز کے کنٹری ہیڈسید ضیا النور،کوچ عبدالرشید اور کھلاڑی تمام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

فیصل صالح حیات نے کہا کہ مسلم ہینڈز نے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کیلیے بہترین کاوشیں کی ہیں، فٹبال اور مثبت سرگرمیوںکے فروغ کیلیے فلاحی تنظیم کیساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے، اسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ میں سامنے آنے والے ٹیلنٹ کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، باصلاحیت فٹبالرز کو ملکی ٹیموں کے بعد پاکستان کی نمائندگی کے بھی موقع دینے کیلیے مربوط پلان بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کے کوچ محمد رشید کی قومی ٹیموں کیلیے بھی بڑی خدمات ہیں، پاکستان کی فٹبال فیملی اور پوری پاکستانی قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں، امید ہے کہ ٹیم ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگی، واپسی پر اسٹریٹ چلڈرن ٹیم کا شاندار استقبال کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں