کسی برسراقتدار جماعت سے مذاکرات نہیں ہونگے تحریک طالبان

حکمرانوں کو غیرمسلم سمجھتے ہیں، اے این پی مذاکرات کی پیشکش کرکے خود کودھوکہ دے رہی ہے


News Agencies August 11, 2012
حکمرانوں کو غیرمسلم سمجھتے ہیں، اے این پی مذاکرات کی پیشکش کرکے خود کودھوکہ دے رہی ہے۔ فوٹو فائل

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی سمیت کسی برسر اقتدار جماعت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ جمعہ کو نامعلوم مقام سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اے این پی مذاکرات کی پیشکش کر کے خود کو دھوکہ دے رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو سیکولر اور غیر مسلم سمجھتے ہیں جو کہ اسلام کے ساتھ مخلص نہیں اور دوسری جانب اے این پی سمیت برسر اقتدار حکمرانوں کو غلام سمجھتے ہیں اس لئے ان کے ساتھ مذاکرات کرنا بے سود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں احسان اللہ احسان نے کہاکہ ولی الرحمن اور حکیم اللہ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں بلکہ ایک جان دو دل ہیں اور یہ صرف حکومتی پروپیگنڈا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوامی مقامات پر یعنی بازاروں میں دھماکے حکومتی انٹیلی جنس ایجنسیاں کر رہی ہیں اور ان کا مقصد طالبان کو بدنام کرنا ہے ایسے حملوں سے تحریک طالبان نے پہلے بھی لاتعلقی کا اظہار کیا تھا اور آئندہ بھی کریں گے۔

ترجمان تحریک طالبان نے کہاکہ جنوبی وزیرستان میں تحریک طالبان ناقابل یقین حد تک مضبوط ہے اور تحریک طالبان کے جانباز جنوبی وزیرستان سمیت پورے ملک میں بھرپور طریقے سے حملے کر رہے ہیں جس کا ثبوت پوری دنیا کے سامنے ہے۔ احسان اللہ احسان نے کہاکہ رمضان میں ہم جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ اپنا دفاع کر رہے ہیں، تحریک طالبان رمضان اور عیدالفطر سمیت تمام اسلامی تہواروں کا مکمل احترام کرتی ہے ہماری جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پاکستان میں اسلامی نظام کا سورج طلوع نہ ہو جائے۔

احسان اللہ احسان نے کہاکہ نیٹو اتحاد میں شامل غاصب اور وحشی افواج کا افغانستان پر قابض ہونا اور امارات اسلامی کا سقوط ان کی اسلام دشمنی کا واضح ثبوت ہے، تحریک طالبان نیٹو سپلائی کے کنٹینرز پر حملے بتدریج شدت کے ساتھ جاری رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔