کیون اوبرائن نے سنہری حروف میں اپنا نام لکھوا لیا

ملک کے اولین ٹیسٹ میں تھری فیگراننگز سجانے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے

محمد عامرٹیسٹ وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے18ویں پاکستانی بولر۔ فوٹو: رائٹرز

کیون اوبرائن نے کرکٹ کی تاریخ میں سنہری حروف میں اپنا نام لکھوا لیا، وہ ملک کے اولین ٹیسٹ میں تھری فیگر اننگز سجانے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔

ڈبلن ٹیسٹ میںآئرلینڈ کے شاندار کم بیک میں اہم ترین کردار کیون اوبرائن نے ادا کیا، وہ میزبان ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے، اپنے ملک کے ڈیبیو پر تھری فیگر اننگز ان سے قبل آسٹریلیا کے چارلس بینرمین، زمبابوین ڈیو ہوٹن اور بنگلہ دیشی امین الاسلام ہی کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔


دوسری جانب پیسر محمد عامر ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری کاکارنامہ انجام دینے والے18پاکستانی بولر بن گئے، عامر نے ڈبلن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آئرش بیٹسمین گیری ولسن کو حارث سہیل کا کیچ بنوا کر 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 414 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز سابق کپتان وسیم اکرم کو حاصل ہے، وقار یونس (373)، عمران خان (362)، دانش کنیریا (261)، عبدالقادر (236)، ثقلین مشتاق (208)، مشتاق احمد (185)، شعیب اختر (178)، سعید اجمل (178)، سرفراز نواز (177)، اقبال قاسم (171)، یاسر شاہ (165)، عمر گل (163)، فضل محمود (139) انتخاب عالم (125)، محمد آصف(106) اور عبدالرزاق (100وکٹیں) بھی سنچری کلب میں شامل ہیں۔

 
Load Next Story