پاکستان نے ڈبلن ٹیسٹ میں آئرلینڈ کو شکست دیدی

قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں امام الحق 74 اور بابر اعظم نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔


ویب ڈیسک May 15, 2018
محمد عباس نے 9، محمد عامرنے 5 اور شاداب خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو: آئی سی سی

پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آئرلینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو جیت کیلیے 160 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا، امام الحق 74 اور بابر اعظم نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

اظہر علی اور امام الحق اننگز کا آغاز کرنے آئے تاہم اظہر علی ایک بار پھر آؤٹ آف فارم دکھائی دیے اور پہلے ہی اوور میں 2 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسدشفیق بھی صرف ایک رنز بناسکے۔

پہلی اننگز میں جلدی پویلین لوٹ جانے والے امام الحق اور بابراعظم نے اس بار ڈٹ کر آئرلینڈ کے بولرز کا مقابلہ کیا اور دونوں نے تحمل مزاجی سے کھیلتے ہوئے نہ صرف اپنی نصف سنچریاں مکمل کی بلکہ پاکستان کو فتح کے قریب لائے تاہم بابر اعظم آخری لمحات میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 59 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد کپتان سرفراز خود بیٹنگ کے لیے آئے اور اس وقت ٹیم کو صرف 20 رنز درکار تھے مگر وہ بھی 8 رنز بناکر چلتے بنے۔ آخر میں شاداب خان نے امام الحق کا ساتھ دیا اور قومی ٹیم نے 5 وکٹ سے فتح حاصل کی، امام الحق 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل آئر لینڈ کی پوری ٹیم 339 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو فتح کیلیے 160 رنز کا ہدف ملا۔ محمد عباس 5، محمد عامر 3 اور شاداب خان ایک وکٹ لے اڑے۔ کھیل کے آخری روز آئر لینڈ نے 7 وکٹ پر 319 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کیون اوبرائن گزشتہ روز کے اسکور 118 میں مزید کسی رن کا اضافہ کیے بغیر محمد عباس کا شکار بن گئے، بوائڈ رینکن (6) کو محمد عباس نے بولڈ کر دیا، آخری وکٹ ٹائرون کین کی گری انہوں نے96 گیندیں کھیل کر صرف 14 رنز بنائے۔

واضح رہے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے تاریخی ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز 310 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 130 پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں