چین میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 150 سے تجاوز کرگئی ہزاروں افراد زخمی
چین کے مغربی علاقے سیچوان میں شدید زلزلے کے باعث ہلاک ہو نے والوں کی تعداد 150 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 2000 سے زائد افراد زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہیں.
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے مغربی صوبے سیچوان میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.6 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کا مرکز لِنچیانگ شہر سے 80 کلومیٹر مغرب میں زمین کے 12.3 کلومیٹر گہرائی پر تھا۔ زلزلے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کے جھٹکے 115 کلومیٹر دور صوبائی دارالحکومت چینگدو میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث علاقے کا انفرا اسٹکچر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے بلند و بالا عمارتیں اور کاروباری مراکز ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں، خوفناک تباہی کے باعث حکومت نے متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے۔ ملبے سے اب تک 150 سے زائد افراد کی لاشیں اور 2000 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ دیگر کو نکالنے کے لئے ریسکیو ادارے کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ فوج بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے۔ چینی حکام نے زلزلے کی تباہ کاریوں کے باعث ہلاکتوں میں کئی گنا اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں پہلے بھی زلزلے آتے رہے ہیں۔ مئی 2008 میں اسی صوبے میں آنے والے زلزلے میں 90 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔