بوسٹن بم دھماکوں میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا
امریکی شہر میراتھن کے دوران ہونے والے بم دھماکوں کے ملزم کو شہر کے نواحی علاقے سے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 17 سالہ ''جوہر سارنےیف'' کی گرفتاری کےلئے کی گئی کارروائی میں درجنوں پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا جو مکمل طور پر مسلح اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے لئے تیار تھے، ملزم کی گرفتاری کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں اور ایمبولنسیں بھی موجود تھیں، اس کے علاوہ پورے علاقے کی فضائی نگرانی بھی جاری تھی۔ ملزم کی گرفتاری کے وقت فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد بوسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ''ملزم پکڑا گیا، تلاش ختم، دہشت ختم، انصاف جیت گیا۔''
واضح رہے کہ بوسٹن میں گزشتہ پیر کو ہونے والی میراتھن کے دوران ''جوہر سارنےیف'' اور اس کے بھائی 26 سالہ ''تیمرلان سارنے یف'' نے مبینہ طور پر بم دھماکے کئے تھے جن میں 3 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے،دونوں بھائیوں نے جمعرات کی رات ایم آئی ٹی یونیورسٹی میں ایک پولیس اہلکار کو گولی مار کر ہلاک جبکہ ایک کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس نے جمعرات کے روز ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کی تھی جس کے دوران ''تیمرلان سارنے یف'' ہلاک جبکہ ''جوہر سارنےیف'' زخمی حالت میں فرار ہوگیا تھا جسے اب گرفتار کرلیا گیا ہے۔