اسلام آباد انتظامیہ نے پرویزمشرف کی رہائش گاہ کو سب جیل قراردے دیا

چک شہزاد فارم ہاؤس میں جیل مینوئل نافذ ہوگا، نظربندی کے دوران پرویزمشرف کی ملاقاتوں اور نقل وحرکت پر پابندی ہوگی

پولیس نے پرویز مشرف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کی درخواست کی تھی۔ فوٹو: فائل

لاہور:
ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے پرویز مشرف کی رہائش گاہ کو سب جیل قراردے دیا ہے۔

چیف کمشنر آفس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی سربراہی کمشنر اسلام آباد نے کی ، اجلاس میں آئی جی اسلام آباد ،اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ اور ایس پی سٹی نے بھی شرکت کی، اجلاس میں عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کے لئے پولیس کی درخواست پر غور کیا۔


اجلاس میں کمشنر اسلام آباد نے پرویز مشرف کی رہائش گاہ کو سب جیل قراردینے کی درخواست واپس کرتے ہوئے پولیس سے اس کی وجوہات مانگ لی تھیں۔ پولیس نے سابق صدر کو لاحق سیکیورٹی خدشات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ جس پر ضلعی انتظامیہ نے چک شہزاد میں ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا۔

سب جیل قرار دیئے جانے کے بعد چک شہزاد فارم ہاؤس میں جیل مینوئل نافذ ہوگا، نظربندی کے دوران پرویزمشرف کی ملاقاتوں اور نقل وحرکت پر پابندی ہوگی اس کے علاوہ کوئی بھی شخص کمشنر اسلام آباد کی کی تحریری ہدایات کے بغیر پرویز مشرف سے ملاقات نہیں کرسکے گا۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کی پیشی کے موقع پر پولیس نےعدالت کو سابق صدر کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کی درخواست کی تھی جسے عدالت نے کمشنر اسلام آباد کو بھجوا دیا تھا۔
Load Next Story