کینیڈین وزیراعظم کی آمد رمضان پر مسلمانوں کو مبارکباد

ماہ رمضان رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور ہو، رمضان مبارک، کینیڈین وزیر اعظم کا پیغام


ویب ڈیسک May 16, 2018
ماہ رمضان روحانی عبادت کا مہینہ ہے اور موقع ہے سخاوت، اطمینان اور شفقت ظاہر کرنے کا؛ کینیڈین وزیراعظم کا پیغام فوٹو:فائل

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے آمد رمضان کے موقع پر کینیڈا میں مقیم مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی ہے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ہر سال مسلمانوں کے مذہبی تہواروں رمضان اورعید پر مسلمانوں کو مبارکباد دینا نہیں بھولتے اس سال بھی انہوں نے اپنی روایت برقراررکھتے ہوئےآمد رمضان کے موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام کا آغاز سلام سےکرتے ہوئے کہا آج کینیڈا سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے ماہ رمضان کاآغاز ہورہا ہے۔ آنے والے ماہ میں لوگ مساجد اور اپنے گھروں میں عبادت کا اہتمام کریں گے، دن کے اوقات میں روزہ رکھیں گے اور شام میں اپنے پیاروں کے ہمراہ روزہ افطار کریں گے۔ ماہ رمضان روحانی عبادت کا مہینہ ہے اور موقع ہے سخاوت، اطمینان اور شفقت ظاہر کرنے کا۔

رمضان اسلامی کیلینڈر کا مقدس مہینہ ہے جس میں غروب آفتاب کے وقت مسلمان ایک ساتھ مل کر افطار کرتے ہیں، صدقہ دینا اسلام کا بہت اہم حصہ ہے۔ ماہ رمضان میں مسلمان صدقہ و خیرات کرتے ہیں اوراس ماہ مسلمانوں کی یہ سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکینیڈا میں ماہ رمضان کے موقع پر ہمیں مسلم کمیونٹی کے ساتھ مل کر رمضان منانے کا موقع ملتا ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے اپنی فیملی اور اپنی اہلیہ صوفی کی جانب سے تمام مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ ماہ رحمتوں اور برکتوں سے بھرپورہو، ''رمضان مبارک''۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں