اقوام متحدہ اور 6 عالمی مالیاتی ادارے معلومات کے تبادلے پر متفق

انٹر امریکن، افریقی، ایشیائی واسلامی ترقیاتی بینک، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک شامل۔

ایم او یو پر دستخط، شماریاتی صلاحیت بڑھانے کیلیے تعاون کیا جائیگا، یورپی بینکوں کی بھی حمایت۔ فوٹو: وکی پیڈیا

اقوام متحدہ اور 6 بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے آپس میں معلومات کے تبادلے پر اتفاق کیا ہے۔

اس سلسلے میں اقوام متحدہ، افریقن ڈیولپمنٹ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، انٹرامریکن ڈیولپمنٹ بینک، آئی ایم ایف، اسلامی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک گروپ نے مفاہمتی یادداشت پردستخط کردیے۔ ایشیائی بینک کی جانب سے فراہم کردہ ای دستاویز کے مطابق اس موقع پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون اور مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے بہترپالیسیوں وترقیاتی پروگرام کی تیاری اور احتساب کو فروغ دینے کیلیے معلومات کی طاقت کو تسلیم کرتے ہوئے آپس میں اعدادوشمار کے تبادلے اورشماریاتی صلاحیت میں اضافے کیلیے تعاون کے فروغ پر اتفاق کا اعلان کیا۔




اس سے گلوبل کمیونٹی کو ہزاریہ ترقیاتی مقاصد (ایم ڈی جیز) کے حصول، 2015 کے بعد کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے پیشرفت کی پیمائش اور ترقی پذیر دنیا میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے بہترشماریاتی ٹولز دستیاب ہونگے۔ بان کی مون نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خوشحال، مساوات پر مبنی پائیدار مستقبل کے حوالے سے میلینیم ڈیولپمنٹ گولز کے حصول اور 2015 کے ایجنڈے کی تیاری کیلیے آپس میں اشتراک مزید بڑھے گا۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت مذکورہ اداروں کے رکن ممالک میں شماریاتی صلاحیت بڑھانے، اعدادوشمار ومعیارات کے تبادلے کیلیے سہولت کی فراہمی اور ترقیاتی نتائج کی مانیٹرنگ کیلیے شماریات میں بہتری کے حوالے سے تجزیے کیلیے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ یورپین انویسٹمنٹ بینک اور یورپین بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ نے بھی ایم اویو کے مقاصد کی حمایت کرتے ہوئے 2015 کے بعدکے ترقیاتی ایجنڈے کیلیے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حصہ بٹانے کی پیشکش کی ہے۔
Load Next Story