وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی

کابینہ نے اجلاس کے دوران فاٹا اصلاحات بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دیدی

اجلاس میں ملکی معاشی صورت حال اور اہم ملکی معاملات سمیت 12 نکاتی ایجنڈے پر بحث۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورت حال اور اہم ملکی معاملات سمیت 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جس کے بعد وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دیدی، اس کے علاوہ کابینہ نے حکومت پاکستان اور روسی فیڈریشن کے مابین مالیاتی امور سے متعلق معاہدے، اسلحہ اور بارود کی تجارتی پیمانے پر درآمدکی پالیسی میں ترمیم اور این ڈی ایم اے کو وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے کی بھی منظوری دی۔


کابینہ نے مختلف ممالک سے معاہدوں اور اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کردی، کابینہ نے پشاور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کیلئے دو سمریوں، سی ڈی اے کے ماسٹرپلان اوراسلحہ کی کمرشل امپورٹ کی پالیسی میں ترمیم کی منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کووزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے اوراسلام آباد میں میڈیکل سٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چند روز قبل قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی شرکت کی، اس موقع پر کابینہ ارکان نے وزیرداخلہ کے لیے صحت یابی کی دعاکی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 
Load Next Story