بلوچستان میں شہید پاک فوج کے کرنل سہیل عباسی سپرد خاک
پاک فوج کے کرنل سہیل عابد عباسی کی نماز جنازہ وہاڑی کے نواحی گاؤں 91 ڈبلیو بی میں ادا کردی گئی۔ بعدازاں ان کی شہدا قبرستان اوبڑی راولپنڈی میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی۔ نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ فوجی و سول افسران نے شرکت کی۔
سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردوں سے جھڑپ میں پاک فوج کے کرنل سہیل عابد شہید
کرنل سہیل عابد عباسی کا تعلق وہاڑی کے نواحی گاؤں 91 ڈبلیو بی سے ہے۔ ان کے چچا میجرظفراقبال بھی جام شہادت نوش کرچکے ہیں جب کہ دادا احمد حسن عباسی جنگ عظیم دوم کے دوران مصرمیں شہید ہوئے۔ کرنل سہیل عباسی نے پسماندگان میں بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنے خون سے آزادی کی قیمت ادا کی، اس سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بطور قوم ہم دشمن کے خلاف متحد ہیں،بہادر پاک فوج آخری دہشت گرد تک پرعزم ہو کر لڑتی رہے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔