کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملہ کرنے والے پانچوں دہشت گرد ہلاک

فائرنگ کے تبادلے میں 4 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر

حملہ گزشتہ رات کلی الماس میں اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا، ترجمان پاک فوج- فوٹو: فائل

سیکیورٹی فورسز نے چمن ہاوسنگ اسکیم کے قریب ایف سی مددگار سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور جوابی کارروائی میں پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کی چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب ایف سی مددگار سینٹر کے قریب یکے بعد دیگرے 3 دھماکے سنے گئے جس کے بعد فورسز اور دہشت گردوں میں بہت دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور پاک فوج کے دستے بھی چمن ہاؤسنگ اسکیم پہنچے۔

'' حملہ گزشتہ رات اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا ''



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ میں ایف سی ہیلپ سینٹر پر دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام بنا دی، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود سے لدی گاڑی نے ہیلپ سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی، دہشت گردوں کی ناکام کوشش گزشتہ رات کلی الماس میں اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا تاہم چوکس ایف سی سپاہیوں نے دہشت گردوں پر فائر کھول دیا اور انھیں داخل نہیں ہونے دیا۔

'' فائرنگ کے تبادلے میں 4 ایف سی اہلکار زخمی''


ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ سے تمام دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گرد بظاہر افغانی لگتے ہیں اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے لیکن اب صورتحال قابو میں ہے، سیکیورٹی فورسز علاقے کو کلیئر کر رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی ایف سی مددگارسینٹر پہنچے جب کہ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو مار دیا گیا۔
Load Next Story