انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

کراچی کے 1350 سمیت صوبے کے4629 پولنگ اسٹیشن حساس قرار،4 ہزار کیمرے عارضی طور پر حاصل کیے جائینگے


Staff Reporter April 21, 2013
ہر پولنگ اسٹیشن پر 15پولیس اہلکار تعینات،کیمروں کی مانیٹرنگ کنٹرول روم میں ہوگی،کیمرے 48 گھنٹے کیلیے نصب ہونگے. فوٹو: فائل

محکمہ داخلہ نے الیکشن کمیشن، ضلعی ریٹرننگ افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت کے بعد سندھ کے2200 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر11مئی کو پولنگ والے روز عارضی طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تاہم اس کی حتمی منظوری مئی کے پہلے ہفتے میں ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی سمیت سندھ بھر کے4629 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا ہے، جس میں کراچی کے 1350سے زائد پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے11مئی کو پولنگ کے دن سیکیورٹی انتظامات کے تحت 2200 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر عارضی طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں کراچی کے650 سے زائد انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق کراچی کے ضلع غربی میں150، ضلع جنوبی میں 120، ضلع شرقی میں 160، ضلع وسطی میں150 اور ضلع ملیر کے 70 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔



ذرائع کے مطابق سندھ بھر کے تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی انتظامات کے تحت ہر پولنگ اسٹیشن پر15پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہوں گے، ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ 4 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے عارضی بنیادوں پر حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے بات کرے گا اور اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد ان پولنگ اسٹیشنوں پر 48 گھنٹے کیلیے یہ کیمرے نصب کیے جائیں گے اور جدید ٹیکنالوجی کے تحت ان کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم میں کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں