پیپلز پارٹی سے اتحاد کیا شامل نہیں ہوئے شفقت شیرازی

بیورو کریسی تبدیل کردی گئی،ہمارے لوگوں کو پی پی میں شامل کرایا جا رہا ہے


Staff Reporter April 21, 2013
الیکشن کے دوران صورتحال خراب ہونے کا امکان ہے،پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

شیرازی گروپ کے سربراہ شفقت شاہ شیرازی نے کہا ہے کہ ہم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ غیر مشروط اتحاد کیا تھا ، پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہوئے تھے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ان کے ہمراہ ٹھٹھہ سے شیرازی گروپ کے امیدوار ایاز شاہ شیرازی ، سید فیاض شاہ شیرازی ، عثمان ملکانی اور غلام قادر ملکانی بھی موجود تھے،شفقت شاہ شیرازی نے الزام عائد کیا کہ ٹھٹھہ کی بیورو کریسی کو تبدیل کیا گیا ہے الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے ہمارے لوگوں کو خوفزدہ کرکے پیپلز پارٹی میں شامل کرایا جا رہا ہے۔

الیکشن کے دوران صورتحال خراب ہونے کا امکان ہے،انھوں نے کہا کہ شیرازی گروپ نے زیادہ تر آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیا ہے بعد میں حکومتوں میں شامل ہوئے، گذشتہ حکومت میں اپوزیشن میں رہے اور بعدازاں کچھ عرصے کیلیے پی پی حکومت کا حصہ بنے لیکن پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہوئے تھے،میرے کسی بھائی کا سرٹیفکیٹ پشاور یونیورسٹی کا نہیں ہے۔



نہ جعلی ڈگری ہے اور نہ ہی جنگلات کی اراضی پر قبضہ کیا، یہ محض الزامات ہیں،ٹھٹھہ کے کسی فرد کو منشیات فروشی کے مقدمات میں نہیں پھنسایا اگر گرفتاریاں ہوتی رہیں تو گرفتار کرنیوالوں سے پوچھا جائے، جب ان سے پوچھا گیا کہ گذشتہ 25 سالوں سے ہر جماعت کے ساتھ اقتدار میں رہنے کے باوجود کیا ٹھٹھہ میں یونیورسٹیاں اور کالجز بن گئے۔

سڑکوں سمیت پورے ضلع میں ترقیاتی منصوبے ٹھیک چلتے رہے اور آپ کا ضمیر مطمئن ہے تو شفقت شیرازی نے کہا کہ ٹھٹھہ میں خوشحالی کے حوالے سے میرا ضمیر مطمئن ہے، ہمارا اویس مظفر سے کوئی اختلاف نہیں ہمارے لوگوں کو ان پر اعتراض ہے اس لیے علیحدہ الیکشن لڑرہے ہیں۔

93 میں بھی آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیا تھا بعد میں محترمہ بینظیر بھٹو کے کہنے پر پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے زیادہ تر انتخابات آزاد حیثیت سے ہی لڑے ہیں ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے نہ ہی کسی کو نقصان پہنچایا ہے،سیلاب کے دوران ہم ٹھٹھہ کے عوام کے ساتھ رہے لیکن ایک خاتون وزیر میڈیا کے ہمراہ میک اپ کرکے صرف تصویر بنواتی رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں