طالبان دھماکے نہ کریں ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں الطاف حسین

ملک کواندرونی وبیرونی خطرات ہیں،ارباب اختیاراورتمام سیاسی رہنماؤں سے جھولی پھیلاکرامن کی بھیک مانگتاہوں،الطاف حسین۔


ملک کواندرونی وبیرونی خطرات ہیں،ارباب اختیاراورتمام سیاسی رہنماؤں سے جھولی پھیلاکرامن کی بھیک مانگتاہوں, الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ اس وقت پاکستان کوجن اندرونی وبیرونی خطرات کا سامناہے۔

ان کے پیش نظرمیں ارباب اختیاراورملک کے تمام سیاسی رہنماؤں سے جھولی پھیلاکرامن کی بھیک مانگتا ہوں،میں سب سے کہتا ہوں کہ خدارا!بندوقیں پھینک دو، ایک دوسرے کو تسلیم کرواور پاکستان کو بچالو،الطاف حسین نے طالبان رہنماؤں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ خدارا!! دھماکے کرکے غریبوںکونقصان نہ پہنچائیں،ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوں اوردلائل سے لوگوں کو ہمنوا بنائیں کیونکہ بم دھماکوں سے لوگوںکوہمنوانہیں بنایا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہارالطاف حسین نے لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآبادمیں ایم کیوایم کے جنرل ورکرزاجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیاجس کے دوران آئندہ انتخابات کیلیے پاکستان بھرسے ایم کیوایم کے نامزدامیدواران برائے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ناموں کااعلان کیاگیا۔اس موقع پر پاکستان بھر سے نامزدایم کیوایم کے امیدوار بھی موجودتھے۔اپنے خطاب میں الطا ف حسین نے پاکستان بھرسے قومی اسمبلی کیلیے221اورچاروں صوبائی اسمبلیوں کیلیے450نامزدامیدواروں کااعلان کیااورکہاکہ پورے پاکستان کی22جنرل نشستوں پرخواتین حصہ لے رہی ہیں۔

الطاف حسین نے ایم کیوایم کے عہدیداروں اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے یہ رپورٹ نہیں ملنی چاہیے کہ ایم کیوایم کے زیراثر علاقوں میں کسی اورجماعت کا بینر یاپوسٹر پھاڑا گیا ہو،اگر ایسی اطلاع ملی اورتحقیقات کے نتیجے میں الزام ثابت ہوگیاتواس میں ملوث افراد کو فوری طور پر تحریک کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا جائے گاخواہ وہ تحریکی ذمے داراور کارکن ہو یاانتخابی امیدوارہو۔الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کوبہت سے اندرونی وبیرونی خطرات کا سامناہے اس لیے میں تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ ایک دوسرے کو تسلیم کرکے پاکستان کو بچالیں،میں جھولی پھیلاکر سب سے امن کی بھیک مانگتا ہوں۔الطاف حسین نے پاک فوج کے جوانوں کوخصوصی خراج تحسین پیش کیاجو وادی تیراہ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز کا دفاع کررہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ یہ جوان مادرملت کیلیے جس طرح قربانیاں دے رہے ہیں اس پرمیں انہیں سیلوٹ پیش کرتاہوں۔الطاف حسین نے کہاکہ میں امن چاہتا ہوں،میں تمام سیاسی جماعتوں کو تسلیم کرتا ہوں،جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں کو انتخابات میں بھرپورطریقے سے حصہ لینے کاحق ہے،پاکستان سب کا ہے ، کسی ایک کی جاگیرنہیں، ہمیں ایک دوسرے کی حفاظت کرنی چاہیے،ایک دوسرے کو تباہ نہیں کرناچاہیے،اگر کسی کو کومیری ذات سے کسی بھی قسم کی تکلیف پہنچی ہے تومیں ہاتھ جوڑ کراس سے اللہ اوررسولؐ کے واسطے معافی مانگتا ہوں اورکہتا ہوں کہ میں نے آپ کو معاف کیا ،آپ مجھے معاف کردیں۔



انھوں نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کوملاقات کی دعوت دیں یاان سے جاکر ملیں اورانہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلائیں،ان سے کہیں کہ ہمیں ایک دوسرے کوگالی دینے کی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔الطاف حسین نے کہاکہ11جون1978کواے پی ایم ایس او کا قیام عمل میں آیا ، اس طلباتنظیم نے 18، مارچ1984کوعوامی تحریک ایم کیوایم کوجنم دیا جو کہ جولائی 1997میں متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کردی گئی،ایم کیوایم کی 35 سالہ جدوجہدکے دوران پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلیوں اورمحلوں سے نکلنے والی غریب ومتوسط طبقہ کی یہ قیادت بلدیاتی،صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پہنچی۔

ایم کیوایم کسی ایک علاقے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے غریب ومتوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے،35 سالہ جدوجہد کے دوران ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان شہید ہوئے ، ہزاروں کو قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں، ہزاروں کارکنان سرکاری ٹارچرسیلوں میں انسانیت سوز تشدد کے باعث معذورہوگئے،مجھ سمیت ہزاروں کارکنان کو جلا وطنی کی کربناک زندگی گزارنی پڑی،میں22 برسوں سے اپنے پیاروں سے جسمانی طور پر دورہوں لیکن نہ میرے حوصلے پست ہوئے نہ ایم کیوایم کے کارکنان وعوام نے ہمت ہاری، یہ قائد اور کارکنان کے درمیان عجیب محبت ہے کہ نہ کارکنان مجھے چھوڑتے ہیں نہ میں اپنے ساتھیوں اورعوام کو چھوڑتا ہوں۔ انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم میں لوٹے اورلوٹیاں نہیں ہوتیں بلکہ مجاہداور مجاہد ہ ہوتی ہیں۔

ایم کیوایم کی جدوجہد کے دوران جب بھی مشکل اورکڑا وقت آیا تو تحریک کی خواتین اور بزرگوں نے بہادری کامظاہرہ کیااورآج تک ثابت قدم ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ بلوچستان،پاکستان کا سب سے پسماندہ اور مظلوم صوبہ ہے لیکن انشااللہ ایم کیوایم بلوچستان کے عوام کے حقوق دلاکر دم لے گی اور بلوچستان کے مظلوم عوام کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کاازالہ کرے گی ، صوبہ سندھ ، پاکستان کو چلارہاہے،ٹیکسوں اورر یونیو کی مد میں 70 فیصد قومی خزانے میں جمع کراتاہے، حق پرستی کا پیغام سندھ دھرتی میں پھیل رہاہے۔

انشا اللہ صوبہ سندھ کاآئندہ وزیراعلیٰ ایم کیوایم کا ہوگا،لیاری کے 99 فیصد عوام ایماندار،محنت کش اور بہادر ہیں جبکہ ایک فیصدجرائم پیشہ عناصر نے لیاری کے عوام کو یرغمال بنارکھا ہے،آئندہ انتخابات میں لیاری کے عوام ایم کیوایم کے نامزدامیدواروں کوکامیاب بنائیں گے،ملک میں صاف،شفاف اور آزادانہ انتخابات کاتقاضہ ہے کہ تمام جماعتوں کوانتخابات میں حصہ لینے کی آزادی دی جائے لیکن بعض دہشت گردعناصر روشن خیال اور لبرل جماعتوں کو بندوق کی طاقت سے انتخابات سے باہر رکھنے کی سازش کررہے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ،عوامی نیشنل پارٹی اورپیپلزپارٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایاجارہاہے جبکہ باقی جماعتیں آزادی سے الیکشن مہم چلارہی ہیں۔انھوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان،سپریم کورٹ اورنگراں حکومت کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اس امتیازی سلوک اور ناانصافیوںکافی الفور نوٹس لیناچاہیے،صوبہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت ایم کیوایم کوآزادی کے ساتھ انتخابی مہم چلانے سے روکا جارہا ہے،ایم کیوایم کو دیوار سے لگاکراس کے آئینی ، قانونی اورجمہوری حق سے محروم کرنیکی سازش کی جارہی ہے۔

اس کے نامزد امیدواروں، ذمے داروں ،کارکنوں اورہمدردوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ الطاف حسین نے صدرزرداری،نگراں وزیراعظم میر ہزارخان کھوسو، نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی اور قانون نافذ کرنیوالے تمام اداروں کے سربراہان سے سوال کیا کہ ایم کیو ایم کیخلاف دہشت گردی پر آپ کہاں ہیں؟ سفاک قاتلوں کو گرفتارکیوں نہیں کیاجارہااورایم کیوایم کو دیوار سے لگاکر اسے انتخابات سے باہر رکھنے اور اسے آئینی، قانونی اور جمہوری حق سے محروم کرنیکی سازش کیوں کی جارہی ہے؟ سفاک قاتلوں کو بیگناہ شہریوں کے قتل کے لائسنس کیوں دیے جارہے ہیں؟ایم کیوایم عوامی جماعت ہے جسے عوام کا بھرپورمینڈیٹ حاصل ہے،ایم کیوایم کو حاصل عوامی مینڈیٹ کوکھلے دل سے تسلیم کیاجائے،ایم کیوایم کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کیا جائے اورایم کیوایم کیخلاف سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔متحد ہ قومی موومنٹ نے2013کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طورپر671نشستوں پر اپنے امیدوار وں کااعلان کیاہے ۔

ایم کیوایم کے نامز د امیدوار وں کااعلان الطاف حسین نے عزیز آباد کے لال قلعہ گرائونڈ میں کارکنوں کے اجتما ع سے خطا ب کر تے ہوئے کیا۔الطاف حسین کے اعلان کے مطابق ایم کیوایم نے کرا چی سے قومی اسمبلی کی 20 سندھ اسمبلی کی 42 نشستوں پر اپنے امیدوارکھڑے کیے ہیں کراچی کے علاوہ حیدر آباد ،میر پور خاص ، سکھر ،نواب شاہ ،سانگھڑ ،ٹھٹھہ ،ٹنڈو الہ یار سمیت سندھ کے تمام شہروں سے بھی ایم کیوایم نے قومی اسمبلی کی 41او رسندھ اسمبلی کی 86نشستوں پراپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔اسی طرح ایم کیوایم پورے سندھ سے مجموعی طور پر قومی اسمبلی کی 61اور سندھ اسمبلی کی 128 نشستوں پرانتخابات میں حصہ لے گی۔پنجاب سے ایم کیوایم نے قومی اسمبلی کی132جبکہ پنجا ب اسمبلی کی256نشتوں پرالیکشن میںحصہ لے گی۔

پنجاب کی طرح ایم کیوایم نے خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 21اور صوبائی اسمبلی کی 45 نشستوں پر اپنے امیدوار نامز دکیے ہیں اسی طرح خیبر پختونخوا سے ایم کیوایم مجموعی طو ر پر66نشستوں پر الیکشن سے حصہ لے رہی ہے،بلوچستان سے ایم کیوایم نے قومی اسمبلی کی7جبکہ صوبائی اسمبلی کی 21نشستوں پر امیدوار وں کو نامز د کیا ہے ،اسی طرح بلوچستان سے ایم کیوایم مجموعی طور پر 27نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کے اعلان کے مطابق ایم کیوایم نے پورے ملک سے مجموعی طورپرقومی اسمبلی کی 221نشستوں پر امیدوارکھڑے کیے ہیں جبکہ سندھ،پنجاب ،خیبر پختونخوا اور بلوچستا ن سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر450نشستوں پرایم کیوایم انتخابات میں حصہ لے گی۔

یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ ایم کیوایم کی جانب سے اس مر تبہ کرا چی سمیت پورے پاکستان سے22جنر ل نشستوں پر خواتین حصہ لے رہی ہیں۔علاوہ ازیں لاہور میں سینٹرل پنجاب کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور غریب و متوسط طبقے کی حکمرانی کیلیے جدوجہد کررہی ہے ایم کیوایم کی جدوجہد کامقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرنا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں