چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے 2 نئے منصوبے تشکیل

 32کروڑ مختص کرنے کی سفارش، رینجرزکے 2 سیکیورٹی ڈویژن ونگ بنائے جائیں گے۔

 32کروڑ مختص کرنے کی سفارش، رینجرزکے 2 سیکیورٹی ڈویژن ونگ بنائے جائیں گے۔ فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے پاکستان میں سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پرکام کرنے کے لیے مقیم چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے 2 نئے منصوبے تشکیل دے دیے جن پر مجموعی لاگت ساڑھے 32 کروڑروپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس سے ملتان اور راولپنڈی اسلام آباد میں رینجرزکے سیکیورٹی ڈویژن ونگ قائم کیے جائیں گے۔

سرکاری دستاویزکے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان میں ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلیے مذکورہ منصوبے بنائے ہیں، مذکورہ تینوں شہروں میں چینی باشندوں کے ساتھ ساتھ ان چینی باشندوں کی بھی سیکیورٹی کیلیے اقدامات تجویزکیے گئے ہیں جو کاروبار یا سیاحت کی غرض سے پاکستان میں موجود ہیں۔


ملتان سمیت دیگر منصوبوں پرکام کرنے والے چینی انجینئرز، ماہرین و دیگر اسٹاف کو حقیقی معنوں میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی غرض سے پاکستان رینجرز پنجاب کا اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن ونگ کے قیام پر 5 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جس میں ونگ کی عمارت بھی تعمیر کی جائے گی۔

اسی طرح اسلام آباد راولپنڈی میں مقیم چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلیے پاکستان رینجرز پنجاب کا سیکیورٹی ونگ 27 کروڑ 66 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کیا جائے گا جس میں دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ ونگ کی عمارت بھی تعمیر کی جائے گی۔
Load Next Story