مشرف اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں زرداری نے کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا نواز شریف

فوج مشرف کےمعاملے میں اپنے آپ کو الگ رکھے،جنرل پاشا کے کردار پر تحفظات تھے تاہم جنرل ظہیر سے فی الحال کوئی شکایت نہیں۔


Numaindgan Express April 21, 2013
لوڈشیڈنگ کا مسئلہ 3 سال میں حل ہوسکتا تھا،ہمارے انکم سپورٹ پروگرام کو بینظیر پروگرام کا نام دیدیا گیا ،کھڈیاں میں جلسہ عام سے خطاب فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ صدرآصف زرداری نے گزشتہ 5 سال کے دوران کرپشن کے علاوہ عوام کیلیے کچھ نہیں کیا، احتساب کا دن آگیا ہے۔

پرویزمشرف اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں، ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں اور وہ کسی کے خلاف انتقامی جذبہ بھی نہیں رکھتے لیکن وہ پاکستان کے عوام کیساتھ ظلم معاف نہیں کرسکتے اور اس ظلم کی سزا انہیں بھگتنا پڑے گی، ہم برسراقتدار آ کر عوام کے نام پر لوٹ مار کا حساب لیں گے اور غریبوں کا حق انہیں دلا کر رہیں گے۔ قصور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج ملک میں 24 گھنٹوں میں سے 20 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، اگر صدر زرداری چاہتے تو یہ مسئلہ 3 سال میں حل ہوجاتا۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو توانائی اور دیگر مسئلے حل کرچکے ہوتے، لیکن قوم کو ہمت نہیں ہارنی، 11مئی کوعوام ہی تبدیلی لائیں گے، اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو خدمت کا موقع دیا تو 3سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے اور ہنرمند نوجوانوں کو قرضے دے کر کاروبار کرنے میں مدد دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پورا ملک دہشت گردی کا شکار ہے، خوف کی فضا ہے، مجھے شیشے کے پیچھے سے مخاطب ہونا پڑ رہا ہے، میں آمنے سامنے بات کرنا چاہتا ہوں۔ نواز شریف نے کہا کہ احتساب کادن آگیا ہے، پرویزمشرف اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں، عوام آئین اور قانون توڑنے والے کا حشر دیکھ رہے ہیں۔ ان پر دہشت گردی کا مقدمہ چلانے والا خود مقدمے میں پھنس گیا ہے۔ جنہوں نے ہمیں ملک بدر کیا تھا آج ان کا حال دیکھ لیں، عوام کووہ دن یاد ہوگاجس دن ہمیں جیل کی کال کوٹھری میں بند کیا گیا تھا۔

انہیں 12 اکتوبر 1999 کو سوچنا چاہئے تھا کہ منتخب وزیراعظم کو گرفتار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب دیکھ کرانہیں خوشی نہیں ہوتی، ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں اور وہ کسی کے خلاف انتقامی جذبہ بھی نہیں رکھتے لیکن وہ پاکستان کے عوام کیساتھ ظلم معاف نہیں کرسکتے اور اس ظلم کی سزا انہیں بھگتنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ قصور کے عوام کے پاس آئندہ کامیابی کی مبارکباد دینے آئیں گے۔ خبرنگار کے مطابق میاں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دورِ اقتدار میں بنکوں اور مالیاتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنا کر قومی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کی تھی مگر افسوس کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے مالیاتی اداروں میں لوٹ مار کر کے ملکی معیشت اور اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا۔



آج پاکستان اقتصادی اعتبار سے آئی سی یو میں ہے جبکہ بنکوں کو حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنکوں اور مالیاتی اداروں میں سیاسی مداخلت عوام کی امانتوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، پیپلز پارٹی نے قومی بنکوں سے غیر قانونی قرضے لے کر پاکستان کے غریب عوام کا مال لوٹا، ہمارے'' انکم سپورٹ پروگرام'' کو بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کا نام دے کر غریب عوام کودھوکہ دیا گیا اور اس پروگرام کے لیے مختص اربوں روپے پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے مگرمچھ ہڑپ کر گئے، ہم برسراقتدار آکر عوام کے نام پر لوٹ مار کا حساب لیں گے اور غریبوں کا حق انہیں دلا کر رہیں گے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ پرویز مشرف نے آئین اور قانون کو پامال کیا اور اب وہ اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں یہ مکافات عمل ہے اور انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے عناصر کو اس سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ قبل ازیں میاں نواز شریف کو فتح پورسے ایک بڑے جلوس کی شکل میں کھڈیاں لایا گیا تو مسلم لیگ ن کے سابق اراکین اسمبلی ملک رشید احمدخاں، ملک محمد علی خاں، وسیم اختر شیخ، ملک محمد احمدخاں، ملک احمد سعید خاں، ملک بشیر احمد، رانا محمدحیات خاں، چودھری احسن رضا، حاجی نعیم صفدر انصاری یعقوب ندیم سیٹھی اور دیگر رہنمائوںنے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ انہوں نے کھڈیاں میں زرعی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قصور اور کھڈیاں تک موٹر وے ہائی وے جیسے منصوبے لیکر آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اگر 11 مئی کے روز بھی عوام کا یہی جوش وجذبہ برقرار رہا تو مسلم لیگ ن اور اس کے ساتھیوں کو کوئی بھی دوتہائی اکثریت لینے سے روک سکتا،11 مئی کے بعد ہم ملک لوٹنے والوں کو اس ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ پرویز مشرف نے آئین اور قانون توڑ کر لڑائی شروع کی، مشرف نے جو کچھ کیا فوج اس کی ذمہ دار نہیں، فوج کی موجودہ قیادت سے ان کو کوئی شکایت نہیں، وہ نہیں سمجھتے کہ فوج کسی مجرم کو بچانے کی کوشش کرے گی، فوج اپنے آپ کو الگ رکھے اور مشرف کے معاملے میں فریق نہ بنے۔

انہیںجنرل پاشا کے کردار پر تحفظات تھے تاہم جنرل ظہیر سے فی الحال کوئی شکایت نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے کبھی آئین اور قانون نہیں توڑا۔ قصور سے نمائندے کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ منتخب حکومت کا تختہ گرانے والا اور آئین کو توڑنے و الا آج خود نشان عبرت بن رہا ہے، جس پرویز مشرف نے ہمیں ملک بدر کیا آج خود دہشت گردی کے مقدمہ میں زیر حراست ہے، صدر آصف علی زرداری کو 5 سالوں کا حساب دینا ہوگا، زرداری نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل کر عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھین لیا ہے، آج زرداری کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں