مسیحی برادری کا عیسائی کی بجائے مسیحی لکھنے کے حکم پر اظہار تشکر

مسیحی برادری کا سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر عید پینٹاکاسٹ کو شکرگزاری کے طور پر منانے کا اعلان


آصف محمود May 17, 2018
اسلامی نظریاتی کونسل نے کرسیچن کمیونٹی کوعیسائی کی بجائے مسیحی لکھنے اور پکارنے کی سفارش کی تھی فوٹو: فائل

پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری نے سپریم کورٹ کی طرف سے کرسچن برادری کوسرکاری اورغیرسرکاری دستاویزات، سرٹیفکیٹس اورمخاطب کیے جانے کےلیے لفظ عیسائی کی بجائے مسیحی لکھے اور پکارے جانے کے فیصلے پر عید پینٹا کوسٹ کو شکرگزاری اور مسیحی قوم کی کامیابی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہورکے کیتھڈرل چرچ کے ڈین ،پادری شاہد معراج نے ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں اس وقت کے بشپ آف لاہور ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک نے مختلف فورمز پر یہ آواز اٹھانا شروع کی تھی کہ پاکستان میں بسنے والی کرسچن برادری کو سرکاری اورغیر سرکاری طور پر عیسائی کی بجائے مسیحی لکھا اور پکارا جائے، اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کوبھی درخواست دی گئی جس پر اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے اپنے 28 اور29 ستمبر 2009 میں ہونے والے 175 ویں اجلاس میں اس بات کی تصدیق اورسفارش کردی کہ کرسیچن کمیونٹی کوعیسائی کی بجائے مسیحی لکھا اورپکاراجائے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کی ان سفارشات پر سات سال گزرجانے کے باوجودکوئی عمل درآمد نہیں ہورہا تھا، اس حوالے سے20 اپریل 2018 میں ڈین آف کیتھڈرل پادری شاہد معراج نے چیف جسٹس آف پاکستان کو درخواست لکھی کہ ان کی درخواست کوبنیادی انسانی حقوق کے تناظرمیں دیکھا جائے اورمسیحی قوم کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل درآمد کے احکامات جاری کیے جائیں۔

11 مئی 2018 کو کوئٹہ میں چرچ حملہ میں ہلاک مسیحیوں کے ورثا کو معاوضے نہ دیئے جانے کے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ان کی درخواست پر فوری عمل درآمد کے احکامات جاری کیے ہیں جس پرمسیحی قوم اسلامی نظریاتی کونسل اور چیف جسٹس آف پاکستان کی شکرگزار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ اتوارکو مسیحی برادری جہاں خدا کی طرف سے عطاکردہ پھلوں اورسبزیوں کی نعمت کے شکرانے کے طور پر عیدپینٹاکاسٹ منائے گی وہیں مسیحی قوم کے حوالے سے ہونے والے اس تاریخی فیصلے پر شکر گزاری کی عبادت کی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں