پرویزمشرف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار انتظامیہ ہوگیترجمان اے پی ایم ایل

پرویز مشرف کے ساتھ کیا ہو رہا ہے اور وہ کس حال میں ہیں اس کا کسی کو معلوم نہیں ہے،ڈاکٹرامجد۔


ویب ڈیسک April 21, 2013
پرویز مشرف کے ساتھ کیا ہو رہا ہے اور وہ کس حال میں ہیں اس کا کسی کو معلوم نہیں ہے،ڈاکٹرامجد۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ سب جیل میں اڈیالہ جیل سے زیادہ سختی کی جارہی ہے اگر پرویز مشرف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار پنجاب حکومت اور انتظامیہ ہوگی۔


آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹرامجد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رہائش گاہ کے باہر رینجرز کی سیکیورٹی ہے جبکہ اندر اور باہر پنجاب پولیس کا کنٹرول ہے، اسلام آباد پولیس بیریئر کے باہر ڈیوٹی دے رہی ہے۔ پرویز مشرف کو استعمال کے لئے دو کمرے دیئے گئے ہیں وہاں بھی پولیس کھڑی کی گئی ہے۔ کمشنر اسلام آباد نے انہیں سابق صدر سے ملاقات کی اجازت دی ہے لیکن اتوار ہونے کے باعث انہیں بھی ملنے نہیں دیا جارہا ہے، یہاں تک کہ ایک ہی گھر میں رہنے کے باوجود پرویز مشرف کی اہلیہ بھی ان سے نہیں مل سکتیں جبکہ وکلا کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں۔ پرویز مشرف کے ساتھ کیا ہو رہا ہے اور وہ کس حال میں ہیں اس کا کسی کو معلوم نہیں ہے، پرویزمشرف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار پنجاب حکومت اور انتظامیہ ہوگی۔


آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کے خلاف کئی مقدمات زیر سماعت ہیں جس کے لئے ان کے وکیل مشاورت کرنا چاہتے ہیں جبکہ ان کی جماعت انتخابات میں بھی حصہ لے رہی ہے۔ اس لئے ان سے ملاقات ناگزیر ہے۔


اس موقع پر سابق صدر کے وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف عام آدمی نہیں وہ سابق صدر اور آرمی چیف رہ چکے ہیں۔ دنیا بھر میں وکلاء کو ملنے کی اجازت ہوتی ہے لیکن یہاں معاملہ الٹا ہے۔ انہیں سابق آرمی چیف سے پیر کو زیر سماعت مقدمات سے متعلق رائے لینی ہے لیکن ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اگر انہیں سابق صدر سے ملنے نہ دیا گیا تو کل سپریم کورٹ کو بتائیں گے کہ ان کے ساتھ کیا صورتحال ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں