11مئی کوعوام زرداریوں اور شریفوں سے جان چھڑاکر نیا پاکستان بنائیں گے عمران خان

لیپ ٹاپ سے نوجوان خریدے نہیں جاسکتے، نوجوانوں کو انتخابی ٹکٹ دے کر انہیں آگے لایا جاتا ہے، عمران خان


ویب ڈیسک April 21, 2013
ہم کبھی اپنی فوج کو اپنے ہی لوگوں کے خلاف استعمال نہیں کریں گے،عمران خان ۔ فوٹو : ایکسپریس

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ 11 مئی کو عوام زرداریوں اور شریفوں سے جان چھڑا کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔

کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے، 3 ہفتوں کی بات ہے اس کے بعد ہم ایک نئے پاکستان کا آغاز کریں گے،نئے پاکستان میں سب سے پہلے عوام کو امریکی غلامی سے آزاد کروائیں گے، نہ امریکا سے بھیک مانگیں گے اور نہ ہی قرض لیں گے، پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرکے دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ایسے سیاستدان ہیں جسے قوم نے سب سے زیادہ پیسہ دیاہے کبھی اسپتال کے لئے اور کبھی یونیورسٹی کے لئے۔ وہ قوم سے وعدہ کرتے ہیں وہ کسی کے سامنے جھکے ہیں نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دیں گے، وہ قوم سے ہمیشہ سچ بولیں گے، وہ قوم سے وعدہ کرتے ہیں کہ اپنی فوج کو غیروں کی جنگ سے باہر نکالیں گے، ہم کبھی اپنی فوج کو اپنے ہی لوگوں کے خلاف استعمال نہیں کریں گےاور قبائلی علاقوں میں قبائلی عوام کے ذریعے امن لائیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب ہم نوجوان تھے تو ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر تھا لیکن بعد میں آنے والوں نے ہمارے اداروں کو برباد کردیا دولت چند ہاتھوں میں قید ہوکر رہ گئی۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے صوبے میں 5،5 اور وفاق میں 3،3 باریاں لیں انہوں نے ملک کو برباد کردیا۔ یہ لوگ اندر اور باہر سے بھائی بھائی ہیں، اب ان کی باریاں اورنورا کشی ختم ہوگئی ہے کیونکہ جو جماعتیں نظام کو خراب کرتی ہیں وہ اسے ٹھیک نہیں کرسکتیں، نئی قیادت نیا پاکستان بنائے گی۔ انہیں یقین ہے کہ چور اور ڈاکوؤں کو عوام11مئی کے دن شکست دیں گےاور پھر اوپر اللہ اور نیچے بلا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیپ ٹاپ سے نوجوان خریدے نہیں جاسکتے، نوجوانوں کو ٹکٹ دے کر انہیں آگے لایا جاتا ہے، تحریک انصاف بھی ہم پرانے سیاستدان شامل کرسکتے تھے مگر نئے لوگ سامنے لائے 80 فی صد نئے لوگوں کو ٹکٹیں دی ہیں تاکہ ملک کو نوجوان قیادت میسر آئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں