ڈسپلن کی مبینہ خلاف ورزی پر خرم نواز گنڈا پور طالبات پر برس پڑے

زبردستی ہاسٹل سے باہر جانے کے لیے ہنگامہ آرائی پر خرم نواز گنڈاپور نے سخت نوٹس لیا، ترجمان عوامی تحریک


ویب ڈیسک May 19, 2018
زبردستی ہاسٹل سے باہر جانے کے لیے ہنگامہ آرائی پر خرم نواز گنڈاپور نے سخت نوٹس لیا، ترجمان عوامی تحریک

نظم و ضبط کی مبینہ خلاف ورزی پر پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اور منہاج القرآن یونیورسٹی ہاسٹل کے منتظم خرم نواز گنڈا پور یونیورسٹی کی طالبات پر برس پڑے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خرم نواز گنڈا پور منہاج القرآن یونیورسٹی کی طالبات پر غصے سے برس رہے ہیں۔

ویڈیو کے مطابق خرم نواز نے طالبات کو ڈانٹتے ہوئے انتہائی سخت لہجہ اختیار کیا اور کہا کہ 'ابھی تم نے میرا دوسرا روپ نہیں دیکھا، تم لوگوں کے ماں باپ نے تمہیں تمیز نہیں سکھائی؟ جس کی آواز نکلی وہ باہر جائے گی جو ہیرو اور دلیر بنتی ہیں ذرا منہ کھول کر دکھائیں'۔

اس دوران ایک طالبہ نے خاموشی سے ان کی یہ ویڈیو بنالی اور جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں انہیں طالبات کو انتہائی سخت لہجے میں ڈانتے ہوئے بآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔

طالبات نے باہر جانے کا مطالبہ کیا اور اسٹاف سے بدتمیزی کی، گنڈا پور

دوسری جانب خرم نواز گنڈا پور نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ طالبات نے شام 6 بجے کے بعد پارٹی میں جانے کا مطالبہ کیا تو اسٹاف نے انہیں منع کیا جس پر طالبات نے اسٹاف کے ساتھ بد تمیزی کی طالبات کے والدین کو بلایا ہے ان سے اس معاملے پر بات کی جائے گی، شام کے بعد لڑکیوں کے ہاسٹل سے باہر جانے کی کسی صورت اجازت نہیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ اگر والدین ہمیں تحریری طور پر لکھ کر دے دیں توہم لڑکیوں کو شام کے بعد باہر جانے کی اجازت دے دیں گے اس کے بعد اگر ان کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آجائے تو ہماری ذمہ داری نہیں ہوگی۔

طالبات کے مفاد میں سختی کی، ترجمان عوامی تحریک

اس حوالے سے ترجمان پاکستان عوامی تحریک کا کہنا ہے کہ منہاج القرآن یونیورسٹی میں زیر تعلیم بچیاں ایک علیحدہ ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں اور اس ہاسٹل کا انتظام و انصرام خرم نواز گنڈا پور دیکھتے ہیں، والدین کی درخواست اور طالبات کے بہترین مفاد میں انہیں شام 6 بجے کے بعد ہاسٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

ترجمان کے مطابق ڈسپلن کو ملحوظ خاطر نہ رکھے جانے اور زبردستی ہاسٹل سے باہر جانے کے لیے ہنگامہ آرائی پر خرم نواز گنڈا پور نے سخت نوٹس لیا، انہوں نے طالبات کے بہترین مفاد اور مستقبل میں کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے یہ سختی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں