پاکستان سے سیریز جوئے روٹ ون ڈائون پوزیشن سنبھالیں گے

ذمے داری بھی بڑھ جائے گی، بڑی اننگز کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوں، انگلش کپتان


Sports Desk May 19, 2018
ذمے داری بھی بڑھ جائے گی، بڑی اننگز کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوں، انگلش کپتان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان کیخلاف ہوم سیریز میں انگلش ٹیسٹ کپتان جوئے روٹ ممکنہ طور پر ون ڈائون پوزیشن سنبھالیں گے، وہ بیٹنگ لائن میں زیادہ ذمے داری اپنے کاندھوں پر لینا چاہتے ہیں۔

پاکستان سے سیریز میں جیمز ونس کے اخراج پر روٹ کی بیٹنگ آرڈر میں ترقی ممکن ہوگی، انگلینڈ 2018 کٹ کی لانچنگ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے روٹ نے کہا کہ میرے خیال میں ون ڈائون پر موقع ملنے کے ساتھ ساتھ میری ذمے داری بھی بڑھ جائے گی۔

جوئے ورٹ نے کہا کہ انہوں نے ایک برس تک کپتانی کا تجربہ کرلیا اور اب وہ خود کو اس پوزیشن پر لانے کیلیے آرام دہ محسوس کرتے ہیں، ان کے لیے اب کپتانی کے ساتھ اپنی بیٹنگ پر بھی توجہ دینا سہل ہوگیا ہے، وہ ان دونوں کو الگ رکھنا چاہتے ہیں، جب وہ گرائونڈ میں جائیں گے تو پوری توجہ بیٹنگ پر ہوگی، انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں سیریز میں ملنے والی شکستوں میں ایک بڑی وجہ انگلش ٹاپ آرڈر کا تواتر سے پرفارمنس پیش نہیں کرپانا بھی رہا ہے۔

انگلش کپتان نے مزید کہا کہ میں نے نیوزی لینڈ میں ایک گیم میں تیسرے نمبرپر بیٹنگ کی ہے اگرچہ وہاں میں کامیاب نہیں رہا لیکن میں اب آنے والی ہوم سیریز میں بیٹنگ آرڈر میں ترقی کو اپنے لیے بہترین موقع خیال کرتا ہوں۔ میں اپنے انداز بیٹنگ میں تبدیلی لانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، میں پہلے ہی کی طرح رنز بنانے اور بڑی اننگز کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوں۔

روٹ نے ساتھی بیٹسمین جوز بٹلر کے بارے میں کہا کہ وہ ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میں ہمارے لیے بہت خاص رہا ہے اور اس نے کئی اہم مواقع پر عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا ہے لیکن اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی انھیں موقع میسر آرہا ہے، مجھے یقین ہے وہ طویل فارمیٹ میں بھی اپنا سکہ جمالے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں