مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے میں جلد بازی سے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں چوہدری شجاعت

غداری کا مقدمہ صرف پرویز مشرف کی ذات کا معاملہ نہیں بلکہ اس سے ایک ”پنڈورا باکس“ بھی کھل سکتا ہے، چوہدری شجاعت

سب کو اپنے ذاتی اور پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر عوام کے وسیع تر مفاد اور بھلائی کے بارے میں سوچنا ہوگا، چوہدری شجاعت فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے میں جلد بازی سے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔



لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ ایک بہت حساس معاملہ ہے جس کے اہم اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت انتخابی مہم عروج پر ہے لہٰذا مقدمے میں جلد بازی قومی مفاد اور جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔


مسلم لیگ (ق) کے صدر نے کہا کہ غداری کا مقدمہ صرف پرویز مشرف کی ذات کا معاملہ نہیں بلکہ اس سے ایک "پنڈورا باکس" بھی کھل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس لیے ماضی کے ہاتھوں یرغمال بننے کی بجائے ہمیں عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اکٹھے ہوکر سوچنے کی ضرورت ہے۔


چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی مخالفت کی ہے کیونکہ کسی ایک فرد یا ادارے کی تذلیل خطرناک صورتحال اختیار کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو اپنے ذاتی اور پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر عوام کے وسیع تر مفاد اور بھلائی کے بارے میں سوچنا ہوگا ورنہ یہاں کوئی فاتح نہیں ہوگا بلکہ سب کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story