سپہ سالار کا اعلان

دنیا کے کسی بھی ملک کی فوج اسی وقت اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کر سکتی ہے‘ جب قوم اس کے ساتھ ہو۔


Editorial April 21, 2013
جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملک دشمنوں کی ہرزہ سرائیوں کے تناظر میں کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے مگر امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے. فوٹو: فائل

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں سالانہ پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم متحد ہونا ہو گا۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اور اسلام کو پاکستان سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔ اسلام ہمارے اتحاد کی طاقت ہے۔ انھوں نے واضح کیا پاکستان کسی بھی قسم کے خطرے کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر مضبوط پاک فوج کے ساتھ قوم متحد ہو کر کھڑی ہو تو ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملک دشمنوں کی ہرزہ سرائیوں کے تناظر میں کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے مگر امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

موجودہ صورت حال میں چیف آف آرمی چیف کا بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے' اس وقت پاکستان جس قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے' اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی' اس وقت وطن عزیز کی بقا کے لیے پاک فوج دہشت گردوں سے نبرد آزما ہے' پاکستان کا یہ اندرونی دشمن قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اپنے مکروہ مقاصد کے حصول کے لیے مذہب کا سہارا لے رہا ہے۔لیکن افواج پاکستان نے جس کا تربیت' مہارت اور کارکردگی کے لحاظ سے شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے' ہر موقع پر بڑے سے بڑے خطرے اور چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔

سوات کاآپریشن ہماری جانبازافواج کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور آج سوات،جہاں دہشت گردوں نے قبضہ کر لیا تھا اور وہ پورے ملک میں اپنے اقتدار کا خواب دیکھنے لگے تھے' دہشت گردوں سے پاک اور امن کا گہوارہ بن چکا ہے۔ دوسری جانب وطن عزیز روایتی دشمنوں کے نرغے میں ہے' ان حالات میں بعض حلقے بجائے ہوش مندی کا مظاہرہ کرنے کے ملک میں نظریاتی انتشار اور کنفیوژن پھیلا رہے ہیں' پاک فوج کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کرنے سے گریز نہیں کیا جا رہا ہے' ایسے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ اسلام ہی ہماری طاقت ہے اور یہ کہ اگر قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہو تو ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا' جنرل اشفاق پرویز کیانی کی یہ بات بالکل درست ہے۔

دنیا کے کسی بھی ملک کی فوج اسی وقت اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کر سکتی ہے' جب قوم اس کے ساتھ ہو۔ اس وقت پاک فوج ملک دشمنوں کے خلاف چومکھی لڑائی لڑ رہی ہے۔ موجودہ حالات میں اندرونی دشمن کا خاتمہ انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ ہمارا اندرونی دشمن قوم میں ذہنی انتشار اور ابہام پیدا کر رہا ہے۔ اگر یہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتا ہے تو خدانخواستہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ آرمی چیف نے اگر عوام کو مخاطب کیا ہے تو ان کا مقصد یقینی طور پر یہی ہے کہ قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہو تاکہ اندرونی دشمن کا مقابلہ کیا جاسکے۔

ہماری سرحدوں پر بھی خطرات منڈلا رہے ہیں، بلاشبہ بھارت جو افواج کی تعداد اور اسلحہ کی فراوانی کے لحاظ سے پاکستان سے کہیں آگے ہے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں گنواتا وہ پاکستان کا کھلا مخالف اور دشمن ہے لیکن وہ اپنی تمام تر خواہش کے باوجود پاکستان کی سرحد عبور کرنے کی جرات نہیں کرتا۔ یہ ہماری بہادر افواج ہی ہے جو اپنی جانوں پر کھیل کر سرحدوں کا دفاع کر رہی ہے۔ دوسری جانب شمال مغربی سرحد کے پار جہاں دنیا کی طاقتور امریکی اور نیٹو افواج موجود ہیں دہشت گردی کو ختم کرنے کی آڑ میں پاکستان کی سرحد عبور کرنے کی کئی بار برملا خواہش کا اظہار کرچکی ہیں مگر ہماری سرفروش افواج کے سامنے ان کی یہ خواہش ناتمام چلی آ رہی ہے۔

بھارت اور افغانستان کے ساتھ ہمارے جس قسم کے حالیہ تعلقات ہیں' اس کا بھی ریاست اور اس کے اداروں کو بخوبی علم ہے،ان کی دوستی اور دشمنی کھلی اور عیاں ہے لیکن ہمارا اندرونی دشمن غیر مرئی ہے' وہ پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچا رہا ہے' اس دشمن نے پاک فوج کو نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی ہے'بدقسمتی سے اس دشمن کو بعض اندرونی قوتوں کی حمایت بھی حاصل ہے ،اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ یہ دہشت گرد اپنے حمایتیوں کی آشیر باد کے بغیر مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ان کے ہمدردوں کو بھی اس امر کا ادراک ہونا چاہیے کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کا دارومدار امن میں ہے نہ کہ ان عناصر کی ڈھکے یا کھلے پشت پناہی میں جو ریاست کی اتھارٹی کو چیلنج کیے ہوئے ہیں۔

اس وقت پاکستان تاریخ کے ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے،لیکن عزم اور حوصلہ بلند ہو تو ہر مشکل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ایسے کٹھن حالات کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کے عوام کو پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہیے تاکہ ہم اپنے کھلے اور چھپے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا سکیں ۔پاکستان اسلام کے نام پر وجود آیا اور اسلام ہی اسے متحد رکھنے والی بنیادی قوت ہے۔پاکستان مخالف عناصر کو بھی اس امر کا بخوبی ادراک ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس کی ملی یک جہتی اور اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لیے اسلام کے خلاف پروپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔ان عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے جنرل کیانی نے یقین دلایا کہ پاک فوج ملک کو حقیقی اسلامی جمہوری بنانے کے خواب کی تکمیل کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی۔

انھوں نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی قسم کے خطرے کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے' اس کا مطلب یہی ہے کہ پاکستان کی فوج حربی اعتبار سے انتہائی مضبوط ہے' پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور اس کے پاس میزائل بھی موجود ہیں' پاکستان نے تمام تر نا مساعد حالات کے باوجود اپنے دفاع پر بھرپور توجہ دی ہے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعقات میں اتار چڑھائو آتا رہا ہے۔ ملکی معیشت بھی زوال پذیر رہی ہے' ان حالات میں پاکستان نے اپنی دفاعی ضروریات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا' یہی وجہ ہے کہ پاک فوج آج بھی اس خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھے ہوئے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں