نئے ترقیاتی منصوبوں سے صوبے میں سیاحت اور روزگار میں اضافہ ہوگا پرویز خٹک

مستقبل میں سیاحت کو صوبائی اقتصادی سرگرمیوں کے مرکز کی حیثیت حاصل ہو گی، پرویز خٹک


ویب ڈیسک May 19, 2018
مستقبل میں سیاحت کو صوبائی اقتصادی سرگرمیوں کے مرکز کی حیثیت حاصل ہو گی،پرویز خٹک۔فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی پروجیکٹس کی تکمیل سے سیاحت کو ترقی ملے گی اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے براستہ کمراٹ دیر روڈ، ایبٹ آباد، بائی پاس روڈ، حویلیاں، دم توڑ، ایوب پل ہزارہ اور کالام میں انفرا اسٹرکچر اور ترقیاتی پراجیکٹس سے متعلق بات کی گئی۔

اجلاس کے موقع پر وزیر اعلیٰ کو صوبے میں سڑکوں کے مختلف منصوبوں، رابطہ سڑکوں اور موٹر وے ایبٹ آباد بائی پاس کے بارے میں بتایا گیا جبکہ ایف ڈبلیو او کے شروع کردہ صوبائی حکومت کے پراجیکٹس اور فنڈز سے موثر اور بروقت استفادے سے متعلق امور کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کو ہدایت دی کہ وہ مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے صوبے کے مستقبل کے لیے مختلف علاقوں کو سیاحتی خطوط پر کھولنے اور سڑکوں کو توسیع دینے کے اقدامات کریں جس پر ایف ڈبلیو او نے اجلاس کو یقین دلایا کہ وہ پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مزید اقدامات کریں گے اور ایبٹ آباد و دیگرعلاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع پر کام مزید تیز کر دیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے سیاحتی خطوط پر ان علاقوں میں سیاحت کی ترقی اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا جن سے صوبائی خزانہ میں باقاعدگی سے مالیاتی شراکت میں بھی اضافہ ہوگا جب کہ ایف ڈبلیو او کے ساتھ قبل ازیں کیے گئے معاہدے کے مطابق اس منصوبے پر 1200 ملین روپے لاگت آئے گی جس سے سیاحوں کے لیے مختلف سیاحتی مقامات کھلیں گے بلکہ تین لاکھ مقامی آبادی بھی ان سے مستفید ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے کالام کو کمراٹ کے راستے دیر سے ملانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان بہترین سیاحتی مقامات کو سیاحتی خطوط پر ترقی دی جارہی ہے اور مستقبل میں سیاحت کو صوبائی اقتصادی سرگرمیوں کے مرکز کی حیثیت حاصل ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |