گوبر سے 25 کروڑ کیوبک میٹر گیس حاصل ہوسکتی ہے سائنسدان

7.5 کروڑ لوگوں کی کھانا پکانے کی ضروریات کو پورا، ٹیوب ویلز چلانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔


APP April 22, 2013
توانائی بحران پر قابو، تیل کا درآمدی بل کم کرکے معیشت پر بوجھ کم کیا جاسکتا ہے، ڈاکٹر بشیر. فوٹو: رائٹرز/ فائل

نامور زرعی سائنسدان اور ڈائریکٹر جنرل زراعت (فیلڈ) پنجاب ڈاکٹر محمد بشیر نے کہا ہے کہ جانوروں سے حاصل ہونے والے گوبر کا 50 فیصد حصہ سے بائیو گیس تیار کر کے روزانہ 25 ملین کیوبک میٹر گیس حاصل ہوسکتی ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ پنجاب میں 34 ملین جانور موجود ہیں جن سے روزانہ 5 لاکھ ٹن گوبر حاصل ہوتا ہے۔ اگر جانوروں سے حاصل ہونے والے گوبر کا 50 فیصد حصہ بھی بائیو گیس کی تیاری کیلیے استعمال کیا جائے تو 75 ملین لوگوں کی کھانا پکانے کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے جبکہ بائیو گیس کو زرعی ٹیوب ویل چلانے کیلیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔



انہوں نے کہا کہ ملک میں بائیو فیول کی ٹیکنالوجی پر بہت کم کام ہو رہا ہے اور ملک میں نہ تو بائیو فیول کی انڈسٹری موجود ہے اور نہ ہی اس شعبے میں تحقیق پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد بشیر کا کہنا تھا کہ شعبے کی ترقی کیلیے اقدامات کر کے توانائی بحران پر قابو یا جا سکتا ہے جبکہ بائیو ڈیزل سے تیل کے درآمدی بل میں کمی کے ذریعے ملکی معیشت کے بوجھ کو بھی کم کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں