اسمارٹ میٹرز کے ذریعے لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جاسکتا ہے ویمن چیمبر

چوری وضیاع کی حوصلہ شکنی، آپریشنل اخراجات میں کمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، فریدہ راشد


APP April 22, 2013
چوری وضیاع کی حوصلہ شکنی، آپریشنل اخراجات میں کمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، فریدہ راشد فوٹو : ایکسپریس

اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر فریدہ راشد نے کہا ہے کہ اسمارٹ میٹرز کی مدد سے لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی مدد سے بجلی اور گیس کمپنیاں چوری اور ضیاع کی حوصلہ شکنی، آپریشنل اخراجات میں کمی اور منافع کو یقینی بنا سکتی ہیں جبکہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو سستی اور مستقل توانائی میسر آئے گی۔ اسمارٹ میٹر میں موبائل فون کی طرح کا ایک سم کارڈ ہوتا ہے جس سے بجلی اور گیس کی کمپنیوں کو خودکار طریقے سے میٹر ریڈنگ کی سہولت مل جاتی ہے اور میٹر ریڈر کی ضرورت نہ رہنے کے سبب کرپشن کا سب سے بڑا باب از خود بند ہو جاتا ہے۔

فریدہ راشد نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی اندازوں پر مبنی بلوں اور اضافی بلوں کا مسئلہ بھی حل کر دیتی ہے جبکہ توانائی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی اور استعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔



اس سے انفرادی صارف کے طرز زندگی سے مطابقت رکھنے والے ٹیرف اور نئے پلان بھی بنائے جا سکتے ہیںاور صورتحال کی مناسب تصویر بھی سامنے آ سکتی ہے جس سے منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے۔ چین، بھارت، برطانیہ اوربرازیل سمیت بہت سے ممالک اسمارٹ میٹروں کی مدد سے اپنے لائن لاسز کم کر رہے ہیں۔ فریدہ راشد نے بنایا کہ بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں اسمارٹ میٹروں کی مدد سے پانی کا ضیاع 700 ملین لیٹر روزانہ سے کم ہو کر350 ملین لیٹر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا مسئلہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں