رینٹل پراپرٹی کو سکونتی ظاہر کرنے پر بھاری جرمانے ہوں گے

مالکان ذاتی رہائش ظاہر کرکے ٹیکس بچاتے ہیں، غلط بیانی پر جرمانے بھی کم ہیں،اشرف گوندل

رینٹ کی تاریخ سے کرائے کے برابرجرمانہ ہوگا،سمری حکومت کوبھجوادی،ڈی جی ایکسائز۔ فوٹو : فائل

محکمہ ایکسائز کا گھروں یا جائیداد کو کرائے پر دے کر ذاتی بتانے والے شہریوں کے خلاف شکنجہ تیار، اب گھر یا دیگرجائیداد کو کرائے پر دینے والے شہری کو ٹیکس ادا نہ کرنے پر بھاری جرمانہ ہوگا۔

ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کا کہنا ہے کہ جب کوئی پراپرٹی کرائے پر دی جاتی ہے تو اس کے مالک سے کمرشل پراپرٹی کے ریٹ کے مطابق ٹیکس وصول کیا جاتا ہے لیکن چونکہ انسپکٹرز کے پاس علاقہ بہت زیادہ ہوتا ہے تو اکثر شہری غلط بیانی سے کام لے کر ذاتی پراپرٹی بتاتے ہیں اور ٹیکس چوری کرتے ہیں۔


ڈی جی ایکسائز کے مطابق اس سے پہلے اس طرح کی ٹیکس چوری پر معمولی جرمانہ تھا لیکن اب حکومت کو سمری بھجوائی گئی کہ اگر کوئی شہری ٹیکس چوری کرے تو اس کو جب سے اس نے گھر کرائے پر دیا ہو، اس کے کرائے کے برابر جرمانہ کیا جائے۔ گھر کرائے پر دینے والوں کو بھی پابند کیا جائے گا کہ وہ کرایہ نامہ ایکسائز کو دیں۔ اس سے ایک تو کروڑوں روپے کا محکمے کو فائدہ ہوگا، دوسرا کمرشل اور ذاتی پراپرٹیز کا ریکارڈ مرتب کرنے میں آسانی ہوگی۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں شہری جب بھی گھروں میں کرایہ دار رکھتے ہیں تو اس کی اطلاع پولیس کو کرتے ہیں یا کسی کو بتایا ہی نہیں جاتا۔

 
Load Next Story