بلدیہ عظمیٰ میں انتظامی بحران 2 درجن سے زائد اہم عہدے خالی

افسران کی اکثریت ابراہیم بلوچ کو ڈائریکٹر جنرل تسلیم کرکے ان کی ماتحتی میں کام شروع کردے گی


Staff Reporter April 22, 2013
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مشتاق عبداﷲ کو اس عہدے پر تعینات کیا گیاتویہ محکمے کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگا.

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں دو درجن سے زائد اہم عہدے کئی ہفتوں سے خالی پڑے ہیں۔

تاہم حیرت انگیزطور پر بلدی عظمیٰ کی انتظامیہ ان عہدوں پر تقرریوں کیلیے غیر معمولی سست روی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے جس سے بلدیہ عظمیٰ میں انتظامی بحران پیدا ہورہا ہے جبکہ دوسری طرف سندھ حکومت کی طرف سے بلدیہ عظمیٰ میں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز کے عہدے پر تقرری کا حکمنامہ حاصل کرنے والے ادارے کے سینئر افسر ابراہیم بلوچ کو تاحال جوائننگ نہیں مل سکی، ادارے میں ڈائریکٹرجنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو سندھ حکومت کے احکامات تسلیم کرنے کو تیار نہیں اور وہ چیف سیکریٹری سندھ کے حکمنامے کے برخلاف خلاف ضابطہ اس عہدے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

اس صورتحال سے بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ ٹیکنیکل سروسز کے امور کم وبیش عضو معطل بن چکے ہیں، محکمے کے سینئر افسران نے نیاز سومرو کو محکمے کا سربراہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ایک تو نیاز سومرو انتہائی جونیئر افسر ہیں سینئر افسران کی موجودگی میں ان کو ڈائریکٹر جنرل بنانا میرٹ کی خلاف ورزی ہے تاہم اگر ایسا کرنا بھی ہے تو کم سے کم پہلے چیف سیکریٹری سندھ کی طرف سے جاری کردہ حکمنامے کو منسوخ کرایا جائے بصورت محکمے میں بغاوت کی فضا پیدا ہوجائے گی۔



افسران کی اکثریت ابراہیم بلوچ کو ڈائریکٹر جنرل تسلیم کرکے ان کی ماتحتی میں کام شروع کردے گی، اگر ایسا ہوا تو یہ بلدیہ عظمیٰ کی تاریخ کا ایک افسوسناک واقعہ ہوگا لہٰذا نیاز سومرو کے لیے بہتر ہے کہ وہ خود ہی چارج چھوڑ دیں، ذرائع نے بتایا کہ اس وقت بلدیہ عظمیٰ میں دو درجن سے زائد اہم عہدوں پر کوئی افسر نہیں جن میں ڈائریکٹر جنرل پارکس کا عہدہ بھی شامل ہے، اس عہدے پر کسی افسر کی تقرری نہ ہونے کے باعث محکمے کے ایک جونیئر افسر مشتاق عبداﷲ نے ڈائریکٹر جنرل پارکس بننے کے خواب دیکھنا شروع کردیے اور وہ عہدہ حاصل کرنے کے لیے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مشتاق عبداﷲ کو اس عہدے پر تعینات کیا گیاتویہ محکمے کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگا، مناسب بات یہ ہوگی کہ کسی سینئر، تجربہ کار اور اہل افسر کو اس اہم عہدے پر تعینات کیا جائے، یہ تینوں معیار مشتاق عبداﷲمیں موجود نہیں،ذرائع نے بتایا کہ اس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ماس ٹرانزٹ سیل سمیت کئی اہم عہدے خالی پڑے ہوئے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ میں اہم عہدے خالی ہونے کے باعث محکمہ انتظامی طور پر جمود کا شکار ہوتا جارہا ہے، ادارے کے افسران نے بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ادارے میں خالی عہدوں پر افسران کی تقرریاں کریں اور جن افسران کے پاس دو سے زائد عہدوں کا چارج ہے ان سے دوسرا چارج واپس لیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں