کراچی بم حملے سیاسی کارکن سمیت 4 ہلاک 26 زخمی لیاری گینگ کے کمانڈر کی لاش ملی

گارڈن سے ملنے والی لاش کی شناخت لیاری گینگ کے کمانڈرفہیم بادشاہ خان کی تھی،کھارادرمیںمتحدہ کے دفترپرگرینیڈحملہ،14زخمی


Staff Reporter April 22, 2013
کراچی:کھارادر کے علاقے میں دستی بم دھماکے کے بعدجائے وقوع پررینجرز اہلکار موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران اے این پی کے کارکن سمیت 4افرادہلاک ہوگئے جبکہ منگھوپیرسے انسانی ڈھانچہ ملا،فائرنگ کے دیگرواقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت12افرادزخمی ہوگئے۔

گارڈن سے ملنے والی لاش لیاری گینگ کے علاقائی کمانڈر فہیم بادشاہ خان کے نام سے شناخت کرلی گئی،کھارادرمیں متحدہ قومی موومنٹ کے دفترپردستی بم سے حملہ کردیا گیاجس کے نتیجے میں مزید 14 افرادزخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدودبلاول شاہ نورانی گوٹھ مورچوک کے نواز پھل فروش کے ٹھیلے پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے قریب ہی فٹ پاتھ پر بیٹھا 35 سالہ سجاد عرف ماما عرف بڈھا ہلاک ہو گیا،مقتول عوامی نیشنل پارٹی کا کارکن تھا۔مچھرکالونی میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں راہگیر35 سالہ طاہرشجاعت ہلاک جبکہ 25 سالہ بختی نعیم زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز گینگ وارکے ملزم فرقان کی ہلاکت کے بعد اس کے ساتھی علاقے میں پہنچے تھے اورمخالف گروپ پر حملہ کیاجس کہ وجہ سے علاقے میں مسلح تصادم ہوگیا تھا، مقتول طاہر فشریزمیں ملازمت کرتا تھااوراپنے گھر واپس آرہا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔عیدگاہ سعیدمنزل کے قریب کھیرہائوس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ 45 سالہ اللہ ڈنو ہلاک ہوگیا،اسے زخمی حالت میں اسپتال پہنچایاگیاتھاتاہم جانبرنہ ہوسکا،مقتول کھیرہائوس پر ڈیوٹی انجام دے رہا تھاکہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد آئے اورکھیر ہائوس میں گھسنے کی کوشش کی جس پر اس نے مزاحمت کی،ملزمان اس پرفائرنگ کرکے فرارہوگئے،مقتول کاآبائی تعلق دادو سے تھا۔پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے قریب فائرنگ سے 25سالہ نامعلوم نوجوان ہلاک ہوگیا،مقتول کے سر اور چہرے میں گولیاں ماری گئیں اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔

منگھوپیر کے علاقے میں کٹی پہاڑی پرواقع مزارکے قریب جھاڑیوں سے انسانی ڈھانچہ ملا، ایس ایچ او منگھوپیر اسلم جوئیہ نے ایکسپریس کوبتایا کہ انسانی ہڈیوں کا ڈھانچہ ملا ہے جس کی شناخت بھی ناممکن ہے۔بغدادی کے علاقے محبت خانجی روڈپرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن راحیل عرف راجوزخمی ہوگیاجسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال پہنچایا گیا،پولیس کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان محبت خانجی روڈ پرپارٹی پرچم لگارہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس سے راحیل زخمی ہوگیا،آخری اطلاعات تک راحیل کی حالت تشویشناک ہے۔



لی مارکیٹ میں دودھ منڈی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ ارشاد،رضویہ کے علاقے میں پیتل والی گلی میں مقامی اخبارکامالک حاجی مشتاق قریشی اورآصف کریم،قائد آباد کے علاقے مسلم آباد کالونی گلی نمبر چار میں25 سالہ گل خان ، 23 سالہ زاہد، 19 سالہ ظفر خان اور 7 سالہ جاوید زخمی ہوگئے،ناظم آباد میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 45 سالہ نعیم زخمی ہوگیا۔سعیدآبادمیں نامعلوم ملزمان نے لوٹ مارکے دوران عرفان کو مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔کورنگی سوکوارٹرعلی اکبر شاہ گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20 سالہ حمید حسین زخمی ہوگیا۔

دریں اثناگارڈن کے علاقے عمران ہائٹس فاطمہ اسپتال کے قریب سے ہفتے کی شب ملنے والی مغوی کی شناخت32سالہ فہیم بادشاہ خان نیازی کے نام سے اس کے چھوٹے بھائی شکیل خان نیازی نے کر لی،فہیم خان نیازی کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا ،فہیم لیاری نیا آباد گلی نمبر6کارہائشی اور ایک بچے کا باپ تھا جبکہ7بھائیوں میں چھٹے نمبرپرتھا ،فہیم کا تعلق لیاری کے منشیات فروش گھرانے سے تھا، والدہ ملکہ منشیات کے نام سے مشہورتھی جبکہ اس کے والد اورخاندان کے دیگر لوگ بھی منشیات فروشی کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے،فہیم کے بڑے بھائی غفور کو ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا،والد بادشاہ خان اور بھائی حنیف کو کلری کے علاقے دریا آبا میں گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیاتھا،ایک بھائی نعیم شراب کے نشے کی زیادتی سے ہلاک ہو گیاتھا۔

ایک بھائی حنیف جیل میں ہے،7بھائیوں میں سے 5 مارے گئے ہیں،بادشاہ خان اور اس کے بیٹوں کی ہلاکت خاندانی تنازع بتایاجاتاہے ، فہیم گینگ وار کے ملزمان کی سرپرستی میں منشیات جوئے اورسٹے کے اڈے چلا رہا تھا جبکہ وہ دریا آباداور نیازی چوک کا کمانڈرتھااور علاقے کے کاروباری لوگوں سے بھتہ بھی وصول کرتاتھا،فہیم قتل ، اقدام قتل ، اغوا برائے تاوان ، دہشت گردی ایکٹ ، پولیس مقابلوں سمیت80سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ، فہیم کی لاش اس کے گھرلیاری لائے جانے پرنامعلوم افراد نے دکانیں بندکرادیں اورپورے لیاری میں شدید فائرنگ شروع ہوگئی۔

لیاری سے موٹر سائیکل پرسوار ایک گروپ نے کھارادر کے علاقے پاریہ اسٹریٹ مہران بیکری کے قریب اسٹارمیڈیکل اسٹور پر دستی بم پر حملہ کر کے شدید فائرنگ کی جبکہ اسی دوران ملزمان نے بمبئی بازارمیں متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ نمبر21 کے سامنے بھی ایک دستی بم پھینکاجوخوفناک دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں میڈیکل اسٹور اور مہران بیکری اور یونٹ آفس کے سامنے ٹھیلے پر بیٹھے فیاض،یونس ، عبد الرحیم ، محمد حنیف ،12 سالہ احمد ، نعمان ، دینہ سعید ، عبد القیوم ، شکیل ، شامی ، شمس الدین ، فرحان سمیت14سے زائد افرادزخمی ہو گئے،2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔واقعے کے بعد کھارادراوراس سے متصل علاقوں میں کاروباراوردکانیں بند ہوگئیں۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے میں گشت شروع کردیاہے تاہم رات گئے تک وقفے وقفے سے فائرنگ کاسلسلہ جاری تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں