پاکستان سے سیریز جوز بٹلر ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت پر حیران

ابھی تک سینئر فارمیٹ کیلیے اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر یقین نہیں آرہا، انگلش اسٹار


Sports Desk May 22, 2018
ابھی تک سینئر فارمیٹ کیلیے اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر یقین نہیں آرہا، انگلش اسٹار۔ فوٹو: فائل

پاکستان سے ٹیسٹ کیلیے طلبی پر جوز بٹلر بدستور حیرت میں گم ہیں جب کہ وہ کہتے ہیں کہ مجھے ابھی تک سینئر فارمیٹ کیلیے اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر یقین نہیں آرہا۔

انگلینڈ کے نئے سلیکٹر ایڈ اسمتھ کی جانب سے پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کیلیے ٹیم میں طلبی پر دوسرے لوگوں کی طرح خود جوز بٹلر بھی حیران ہیں اور ان کی یہ حیرت کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دسمبر 2016 سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلے، رواں برس انھوں نے کوئی فرسٹ کلاس میچ تک نہیں کھیلا جبکہ انھیں چار روزہ فارمیٹ میں سنچری بنائے ہوئے بھی 4 برس بیت چکے ہیں۔

جوز بٹلر کا اصرار ہے کہ انھوں نے ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کی امید کھوئی نہیں تھی اور یہ طرز بدستور ان کیلیے سب سے زیادہ اہم ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں خود اپنی طلبی پر کافی حیران ہوں، حقیقت میں یہ چیز میرے اپنے ذہن میں نہیں تھی تاہم سلیکٹرز کی تبدیلی سے مجھے یہ موقع میسر آیا ہے، مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ میں ایک بار پھر ڈیبیو کرنے والا ہوں۔

بٹلر کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی یہ نہیں کہا کہ میں دوبارہ ٹیسٹ نہیں کھیلوں گا مگر یہ بات میرے ذہن میں تھی کہ شاید مجھے دوبارہ موقع نہیں ملے، میں جانتا ہوں کہ اس موسم گرما میں میں مجھے لنکاشائر کی جانب سے چیمپئن شپ کرکٹ کھیلنی اور میں خود بھی اب ریڈ بال کرکٹ کو ہدف بنارہا ہوں۔

جوز بٹلر اس وقت بہترین فارم میں ہیں، انھوں نے آئی پی ایل کی آخری 6 اننگز کے دوران پانچ ہاف سنچریاں اسکور کی ہیں جن میں 94 اور 95 کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہیں تاہم وہ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ یکسر مختلف ہے تاہم وہ کہتے ہیں کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک بار پھر ملنے والے موقع کو دونوں ہاتھوں سے تھامنے اور ٹیم میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کروں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں