حضرت داتا علی ہجویری کے مزار پراعتکاف میں بیٹھنے والوں کی قرعہ اندازی 15 رمضان کو ہوگی

تاریخی بادشاہی مسجدمیں اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند 10 رمضان المبارک تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں


آصف محمود May 22, 2018
تاریخی بادشاہی مسجدمیں اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند 10 رمضان المبارک تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں فوٹو:فائل

رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے دوران لاہورمیں حضرت داتاعلی ہجویری کےمزارپراعتکاف میں بیٹھنے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی 15 رمضان المبارک کوہوگی۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران حضرت داتا علی ہجویری کے مزار پر اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی 15 رمضان کو ہوگی جب کہ تاریخی بادشاہی مسجدمیں اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند 10 رمضان المبارک تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں،منہاج القرآن کے شہراعتکاف میں 25 ہزار افرادمعتکف ہوں گے۔

لاہورمیں صوبائی محکمہ اوقاف ومذہبی امورکے تحت جامع مسجدداتاعلی ہجویری،بادشاہی مسجد، مسجدوزیرخان سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتطام دیگرمساجدمیں فرزندان اسلام کے اعتکاف میں بیٹھنے کا اہتمام کیاجارہا ہے ، جامع مسجدداتاعلی ہجویری میں اڑھائی ہزارافراداعتکاف میں بیٹھیں گے اس حوالے سے 16 مئی تک درخواستیں وصول کی گئی تھیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے، 15 رمضان المبارک 31 مئی کواعتکاف میں بیٹھنے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی ہوگی،کامیاب درخواست دہندگان کوبذریعہ خط آگاہ کیاجائیگا، بادشاہی مسجدلاہورمیں ایک ہزارکے قریب افراداعتکاف میں بیٹھیں گے ،بادشاہی مسجدمیں اعتکاف میں بیٹھنے کے لیے 26 مئی تک درخواست جمع کروائی جاسکتی ہے۔

لاہورمیں سب سے زیادہ افرادمنہاج القرآن کے زیراہتمام شہراعتکاف میں معتکف ہوں گے، منہاج القرآن کے شہراعتکاف میں مرد اورخواتین کے لیے اعتکاف بیٹھنے کے علیحدہ انتظامات کئے جاتے ہیں، مجموعی طورپر25 ہزارافراداعتکاف میں بیٹھیں گے جن میں 18 ہزارمردجبکہ 7 ہزارخواتین شامل ہوں گی، شہراعتکاف میں اعتکاف بیٹھنے والوں سے سحری اورافطاری کی لئے اڑھائی ہزار روپے وصول کیے جائیں گے۔

لاہورمیں دیگربڑی مساجدکی بات کی جائےتو جامعہ اشرفیہ میں 200 ،جامعہ نعیمیہ میں بھی 200 افراد معتکف ہوں گے۔ اسی طرح جامعہ القادسیہ اورجامعہ منصورہ سمیت دعوت اسلامی کے زیراہتمام مساجدمیں بھی سینکڑوں لوگ اجتماعی اعتکاف میں بیٹھیں گے،معتکفین کی سحری،افطاری کا انتظام انتطامیہ کی طرف سے کیا جاتا ہے، اعتکاف کے موقع پرمساجد میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں