تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جھوٹوں اور پرانے دو نمبریوں کا وقت ختم ہوگیا، ان کی باری آئی تو دوسروں کی باریاں ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں گی۔
مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں تبدیلی بہت قریب ہے 11 مئی کی شام کو پاکستان کے عوام تحریک انصاف کی کامیابی پر جشن منارہے ہوں گے، وہ وعدہ کرتے ہیں کہ عوام سے ہمیشہ سچ بولیں گے،دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت کرائیں گے۔ انہوں نے اللہ کے سوا کبھی کسی کے سامنے سر جھکایا اور نہ قوم کا سر جھکنے دیں گے، وہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کی طرح ڈرامے نہیں کرتے، امریکا سے نہیں اللہ سے مدد مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کسی سے بھیک اور قرضہ نہیں مانگے گی، اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر قوم کو خود مختار بنائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے وہ کام کیا ہے جو ملک کی کوئی دوسری جماعت نہیں کرسکی، ہم نے پارٹی میں انتخابات کے ذریعے جمہوریت نافذ کی اور ہماری جماعت کے منشور کی بنیاد پاکستان کے حقیقی مطلب پر ہے، ہم سب ایک نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو برباد کرنے والے اسے سنوار نہیں سکتے، تبدیلی کے لئے کسی کو دوسری اننگز کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نوجوانوں کی حمایت سے تمام سیاست دانوں کو میدان سے آؤٹ کریں گے ہر یونین کونسل کی سطح پرنوجوانوں کے لیے اسٹیڈیم بنائیں گے۔