سی پیکچین میں برآمدات بڑھانے کیلیے روڈشوکافیصلہ

لائحہ عمل تشکیل دینے کیلیے وزارت تجارت ٹاسک فورس بنائے گی،ذرائع


حسیب حنیف May 23, 2018
لائحہ عمل تشکیل دینے کیلیے وزارت تجارت ٹاسک فورس بنائے گی،ذرائع فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے سی پیک کے تناظر میں چین میں برآمدی اشیا کے روڈ شو کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کافیصلہ کیا ہے جو لائحہ عمل تشکیل دے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے نومبر 2018میں چین میں ایک روڈ شو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان کی برآمدی اشیا کی چین میں نمائش کرنا ہے، اس روڈ شو میں پاکستانی برآمدی اشیا کو فروغ دیا جائے گا، اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے ٹاسک فورس بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

جس کا مقصد اس روڈ شو کے لیے لائحہ عمل طے کرتے ہوئے اس کو حتمی شکل دینا ہے۔ یاد رہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے زرعی سیکٹر، ٹورازم، توانائی، انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری بھی کی جا رہی ہے اور چین کی جانب سے پاکستان میں سی پیک کی صورت میں 50ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔

اب تک سی پیک کے تحت 30ارب ڈالر کے منصوبے سرمایہ کاری کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں ، اس سلسلے میں پاکستان نے اب اپنی مصنوعات کو چین میں فروغ دینے کے لیے روڈشوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ چین اور پاکستان کی جانب سے سی پیک منصوبوں پر مشترکہ جائزہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے وزارت تجارت کو ٹاسک فورس بنانے اور نومبر میں چین میں ہونے والے روڈ شو میں اپنی بہترین مصنوعات کو پیش کرنے کے سلسلے میں لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کا ہدف دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں