انتخابات کے موقع پر کراچی میں سیکیورٹی خدشات درپیش ہیں نگراں وزیر داخلہ

کراچی کی بڑی سیاسی جماعتوں اور رینجرز حکام سے ملاقات کرکے خدشات دور کرنے کی کوشش کروں گا، نگراں وزیر داخلہ


ویب ڈیسک April 22, 2013
دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر عوامی نیشنل پارٹی کے خدشات بھی درست ہیں، ملک حبیب۔ فوٹو : فائل

نگراں وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا ہے کہ انتخابات کے موقع پر کراچی میں سیکیورٹی خدشات درپیش ہیں۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کی عمارت کے باہر مختلف وزرا کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا کہ ان کی پہلی ذمہ داری ملک میں امن و امان کا قیام اور انتخابات کے لئے بہتر ماحول کی فراہمی ہے، ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر عوامی نیشنل پارٹی کے خدشات بھی درست ہیں اور وہ انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ انتخابات کے موقع پر کراچی میں بھی سیکیورٹی خدشات درپیش ہیں اس سلسلے میں وہ جلد ہی کراچی کی بڑی سیاسی جماعتوں اور رینجرز حکام سے ملاقات کریں گے۔

اس موقع پر نگراں وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت ملک میں صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئےپر عزم ہے اور ملک کے عوام کی بھی یہی خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 اپریل کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوگا جس میں تمام اسٹیک ہولڈر شرکت کریں گے، اجلاس میں انتخابی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔

نگراں وزیر قانون احمر بلال صوفی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کوووٹ کاحق دینے کے لئےقانون سازی کا مسودہ تیارکرلیاگیا ہے جلد ہی اس سلسلے میں مثبت پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں سپریم کورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ حکومت کی تمام توجہ صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات پر مرکوز ہے اس لئے نگراں حکومت سابق صدر کے خلاف مقدمے میں فریق نہیں بن سکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں