عمران خان مسلم لیگن کے خلاف صدرزرداری کی زبان بول رہے ہیں شہبازشریف

سابق حکمرانوں نےعوام کو بہت نقصان پہنچایا ہےاگر بینظیربھٹو زندہ ہوتیں تو شاید پاکستان کی یہ حالت نہ ہوتی،شہباز شریف

زربابا چالیس چوروں نے جس طرح خزانہ لوٹا معیشت بحال کرنا آسان نہیں ہوگا۔ فوٹو: فائل

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری جانتے ہیں کہ انتخابات میں انہیں شکست ہوگی، اس لئے اب وہ تحریک انصاف کے کندھے استعمال کررہے ہیں اگرعوام نے مسلم لیگ (ن) کے سوا کسی اور کو ووٹ دیا گیا تو وہ زرداری کا ہوگا۔


ملکوال میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ سیاست کے میدان میں اب کئی نوخیز کھلاڑی آگئے ہیں، صدر آصف زرداری کوپتا ہے کہ انہیں انتخابات میں شکست ہوگی اس لئے وہ تحریک انصاف کا کندھا استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری اورتحریک انصاف مل چکے ہیں، عمران خان نے پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں کی سارا نزلہ وہ مسلم لیگ(ن) پر گرا رہے ہیں، اگرعوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا تو وہ صدر زرداری کا دیا جانے والا ووٹ سمجھا جائے گا۔

شہبازشریف نے کہا کہ 2010 میں جب عوام سیلاب کا سامنا کررہے تھے تو مسلم لیگ (ن) کی قیادت ان کے ساتھ کھڑی تھی لیکن صدر آصف زرداری سیلاب میں ڈوبتے عوام کو چھوڑ کے لندن اور فرانس چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے عوام کو بہت نقصان پہنچایا ہےاگر بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو شاید پاکستان کی یہ حالت نہ ہوتی، صدر زرداری نے عوام کو بہت دکھ دیئے، ملک کو اندھیروں میں دھکیل کر اپنے ایوانوں کو روشن کیا، کرپشن کے انبار لگا کرعوام کے منہ سے نوالے بھی چھین لئے۔
Load Next Story