ثنا خان سلمان کی نئی فلم میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار

21اگست1987کوممبئی میں پیداہوئیں،اسکول کی تعلیم کےبعدشوبزسرگرمیوں کاآغازکردیا،2009میں بہترین نئی اداکارہ کا ایوارڈ ملا.


Showbiz Desk April 23, 2013
نئی فلموں میں آئٹم سانگ کیلیے بھی پیشکش ہوئی ہے ،شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہوں گی ،25سالہ بالی وڈ اداکارہ و ماڈل ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈاداکارہ ثنا خان کی نئی میگااسٹارز بالی وڈ فلم ''مینٹل''ریلیز کیلیے تیار ہے ،اس فلم میں ان کے ساتھ سلمان خان ،ڈیزی شاہ اور تبو سمیت دیگر فنکاربھی جلوہ گرہورہے ہیں ۔

25سالہ اداکارہ ثنا خان نے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا ۔اداکارہ ثنا خان کا کہنا ہے کہ نئی فلم میں میگااسٹارز کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی ہے انھوں نے کہا کہ آغاز پر 2005کے دوران لوبجٹ کی فلم ملی جس پر کوئی ساکھ نہ بن سکی اسی وجہ سے کئی اچھی فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ سے کیرئیر میں آگے بڑھنے کی رفتار سست روی کا شکار ہوئی تاہم اپنے کام سے مطمئن ہوں اور ٹی وی کمرشلز میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کامیاب رہی ہوں۔

21اگست 1987کو ممبئی میں پیدا ہونیوالی اور اسی شہر میں ابتدائی تعلیم حاصل کرکے ماڈلنگ کے شعبے میں قدم رکھتے ہوئے شوبز سرگرمیوں کا آغاز کیا ، ثنا خان کا تعلق مسلم خاندان میں پیدا ہوئیں ،والد کیرالہ کی مسلم فیملی سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ والدہ سعیدہ کا تعلق ممبئی سے ہی ہے جس پر والدین کی مستل سکونت ممبئی رہی ۔اداکارہ نے بتایاکہ خاندان کی جانب سے کسی بھی شعبے میں کام کرنے کیلیے کوئی پابندی یا دبائو نہیں رہا یہی سبب ہے کہ اسکول کی تعلیم حاصل کرلینے کے بعد شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے میں دیر نہ کی اس شعبے میں آغاز پر ہی اچھے لوگوں سے پالا پڑا ،ٹی وی اور کمرشلز پر کام کی تعریف کی گئی ۔

ثنا خان نے کہا کہ 2005میں پہلی فلم ''یہی ہے ہائی سوسائٹی ''تھی جس میں انہیں پہلی بار پرفارم کرنے کا موقع تو ملا مگر یہ فلم کوئی خاص توجہ حاصل نہ کرسکی ۔اسے بعد 2006 میں میوزک ویڈیو میں جلوہ گرہوئیں اور لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں ۔اس کے ساتھ ہی انہیں مختلف زبانوںکی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوتی رہی ان پر غور کیااوراس کے ساتھ ہی 2007میں'' ممبئی تاگووا ''میں کام کیا ۔اداکارہ ثنا خان نے کہاکہ بالی وڈ میں اچھی فلم کی تلاش کے ساتھ کئی چھوٹے پراجیکٹس بھی کرتی رہی اور ان میں اپنی پرفارمنس کے بل بوتے پر بڑے پراجیکٹس بھی ملنے شروع ہوگئے۔



رواں سال کئی فلمیں زیر تکمیل ہیں۔ ان میں اہم کردار نبھارہی ہوں ۔ان فلموں میں شائقین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش بھی کروں گی اور فلموں میں اچھی پرفارمنس کی بنیاد پر نئے پراجیکٹس بھی حاصل کرلوںگی۔اداکارہ ثنا خان کا دعویٰ ہے کہ آنیوالا دور اب ان کا ہے اور وہ اپنی عمدہ پرفارمنس سے فلم میں اپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ رقص میں مہارت کے سبب مجھے کئی اچھی فلموں میں آئٹم سانگ کی بھی آفرز ہورہی ہیں اور کچھ فلموں میں اس حوالے سے معاملات بھی طے ہوئے ہیں ،انھوں نے کہا کہ آئندہ اپنی اداکاری کے بل بوتے پر اپنی ساکھ بناکر بالی وڈ میں ایک بڑا نام بنالوں گی۔

انھوں نے کہا کہ فلم کی کہانی ہی اصل بنیاد ہوتی ہے اس کی بنا پر ہی کوئی فنکار اچھا کردار نبھانے میں کامیاب رہتا ہے اور بڑی بے ربط کہانی کے سبب اچھے فنکار بھی پٹ جاتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ نئی فلم سے بڑی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔ آنیوالی فلموں میں اپنے کرداروں کو خوبی سے نبھاکر شائقین کے دلوں پر اپنے لیے جگہ بناکر ہی رہوں گی ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ 50کروڑ کی لاگت سے تیار ہونیوالی سلمان خان کی اس فلم میں انتہائی اہم کردار نبھا رہی ہوں۔ یہ فلم میرے کیرئیر کیلیے ایک اہم موڑ بھی ثابت ہوگی۔

4مختلف زبانوں میں اب تک 14سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ ثنا خان نے کئی رئیلٹی شوز بھی کئے ہیں ،جن سے انہیں بہت شہرت ملی ۔سائوتھ کی فلموں میں رقص کی دھاک بٹھانے الی ثنا خان خان کا کہنا ہے کہ وہ اب ہندی فلموں میں بھی رقص کے جوہر دکھائیں گی اور شائقین کو اپنا گرویدہ بنالیں گی ۔ٹی وی کمرشل پر شاہ رخ خان کے ساتھ تشہیری فلم چلنے کے بعد کئی کمرشلز میں کام کرنے کے مواقع ملے۔ 2009کو سنگاپور میں بہترین نئی اداکارہ کا ایوارڈ بھی جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

تلگو کی آرٹ فلم میں بھی کام کیا ،یہ فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تو سینماگھروں میں ان کی پرفارمنس کی دھوم مچ گئی،2012میں سائوتھ کے میگا اسٹارز کے ساتھ بڑے بجٹ کی فلم میں کام کیا تو اس میں پرفارمنس کو سراہا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔