موسلا دھار بارش سڑکیں تالاب اور انڈر پاس سوئمنگ پول بن گئے

بدترین ٹریفک جام،گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، بلدیاتی اداروں کی جانب سے نکاسی کاانتظا م نہ ہونے سے شہری پریشان.

بگھی میں بیٹھے اسکول کے بچے گھر جانے کے دوران موسلادھاربارش سے لطف اندوز ہورہے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

شہر میں پیرکو صبح گیارہ بجے شروع ہونے والی تیزبارش کے بعد مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا،سڑکیں تالاب اورانڈر پاسز سوئمنگ پول بن گئے۔

گاڑیاں پانی میں بند ہوگئیں اور متعدد علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، علاوہ ازیں میٹرک بورڈکی انتظامیہ پرچے بروقت مراکز پرپہنچانے میں ناکام رہی، ٹریفک جام میں بورڈ کی گاڑیاں بھی پھنسی رہیں، دوپہرکے پرچے ایک گھنٹہ تاخیر سے ہوئے، پیر کو مختلف علاقوں میں 41ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، تفصیلات کے مطابق پیرکو صبح گیارہ بجے ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا ۔

بارش کے باعث مختلف علاقوں ایمپریس مارکیٹ، رنچھوڑ لائن، حقانی چوک، برنس روڈ، اردو بازار، رامسوامی، کھارادر، نشترروڈ، جونا مارکیٹ، ڈینسوہال، محمودآباد، قیوم آباد،غریب آباد ،حسن اسکوائر، گورنر ہائوس سمیت دیگر مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہوگیا جس کے باعث عوام کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، شارع فیصل ، پی آئی ڈی سی ، میٹرو پول ہوٹل ، ایف ٹی سی فلائی اوور ، کاشف سینٹر ، کارساز ، راشد منہاس روڈ ، ایئرپورٹ ، ملیر ، نیشنل ہائی وے ، ٹاور ، صدر ، ریگل ، پریڈی اسٹریٹ ، نیو پریڈی اسٹریٹ ، ایم اے جناح روڈ ، جامع کلاتھ ، نمائش چورنگی ، گرومندر ، لسبیلہ ، گولیمار ، ناظم آباد ، تین ہٹی ، لیاقت آباد ڈاکخانہ ، لیاقت آباد ، کریم آباد ، عائشہ منزل ، شارع پاکستان ، نیٹی جیٹی پل ، ماڑی پور روڈ ، ایم ٹی خان روڈ ، گذری ، کلفٹن ، پنجاب چورنگی اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں، بلدیاتی اداروں نے بارش کے پانی کی نکاسی کیلیے فوری انتظامات نہیں کیے تھے، برنس روڈ کی گلیوں میں بارش کا پانی تالاب کی شکل میں کھڑا ہوگیا اور لوگوں کا گلیوں سے گزرنا مشکل ہوگیا، ایمپریس مارکیٹ میں مختلف مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا خصوصاً لکی اسٹار سے ایمپریس مارکیٹ جانے والی سڑک بارش کے پانی میں ڈوب گئی،رنچھوڑ لائن کے مختلف علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا ، سولجربازار، پاک کالونی، چاکیواڑہ اور منگھوپیر کے علاقوںمیں بھی بارش کا پانی تالاب کی شکل میں کھڑا ہوگیا۔




شہریوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے صحت و صفائی اور پانی کی نکاسی کے نظام کی بہتری کے صرف دعوے کرتے ہیں لیکن عملاً کچھ نہیں کرتے ہیں، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ برسات کے موسم سے قبل شہر میں نکاسی کا نظام درست کرلیا جائے ورنہ شہریوں کو بدترین تباہی کا سامنا کرنا پڑگا،موسلا دھاربارش کے سبب میٹرک کا امتحانی عمل بری طرح متاثرہوگیا، ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ امتحانی پرچے بروقت مراکز پرپہنچانے میں ناکام رہی ، موسلادھاربارش کے سبب سڑکوں پرپانی کھڑے ہونے اورٹریفک جام کے سبب بورڈ کی گاڑیاں بھی اسی ٹریفک میں پھنسی رہی اورثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت 90فیصد سے زائد امتحانی مراکز پر دوپہرکے پرچے آدھے سے ایک گھنٹہ تاخیرسے شروع ہوئے۔

جس سے طلبا وطالبات شدید ذہنی اذیت وکرب سے دوچاررہے، شہرکے دوامتحانی مراکزایسے بھی تھے جہاں امتحان دوگھنٹے کی تاخیرسے سہ پہر4 بجے شروع ہوااورشام 7بجے ختم ہوا، ڈرگ روڈکے علاقے کینٹ بازاراورنارتھ کراچی کے سرکاری اسکولوں میں قائم امتحانی مراکز میں امتحانی پرچے لانے والی گاڑی دوپہرپونے چاربجے مطلوبہ امتحانی مرکزپرپہنچیں اورامتحانی پرچے سہ پہرچاربجے شروع ہواجوشام 7بجے تک جاری رہا۔

دریں اثناء پیر کو مختلف علاقوں میں 41ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، گلستان جوہر میں 10ملی میٹر،مسرور بیس 13ملی میٹر،فیصل بیس 8ملی میٹر، نارتھ کراچی میں35 ملی میٹر، صدر میں 38 ملی میٹر، لانڈھی میں 5 ملی میٹر، ائیرپورٹ پر 6 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شہر اور اس کے مضافات میں ہلکی بارش کا امکان ہے،پیرکوشہر میں درجہ حرارت کم از کم 26.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 34.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد تھا ، محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی میں موسم گرم رہے گا۔
Load Next Story