لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 184 رنز پر آؤٹ

پہلے دن کے اختتام پر قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنالیے۔


ویب ڈیسک May 24, 2018
قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی اور محمد عباس نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لارڈز میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 184 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے پہلے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنالیے ہیں۔

لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 184 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم آئرلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے والے امام الحق صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام تک اظہر علی 18 اور حارث سہیل 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے خلاف انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن قومی ٹیم کے بولرز نے ابتدا سے ہی انگلش بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا جس کی وجہ سے ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور مارک اسٹون مین نے اننگ کا آغاز کیا، محمد عباس نے 12 کے مجموعی اسکور پر اسٹون مین کو ٹھکانے لگادیا۔ 33 کے اسکور پر جوئے روٹ کو حسن علی نے آؤٹ کیا۔ 43 کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے ڈیوڈ ملان کو بھی پویلین کی راہ دکھادی۔

ابتدائی تین بلے بازوں کے جلد پویلین لوٹ جانے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین الیسٹر کک اور جوناتھن بیراسٹو نے 57 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی لیکن بیراسٹو کو 27 رنز پر فہیم اشرف نے بولڈ کردیا جس کے بعد کک کی ہمت بھی 70 رنز پر جواب دے گئی انہیں محمد عامر نے پویلین بھیجا۔ انگلینڈ کے دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے صرف بین اسٹوکس 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ جوز بٹلر بھی 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اسٹوٹ بورڈ کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور حسن علی نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عامر اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں