نواز شریف چاہے جو مرضی کرلیں چھٹی باری نہیں آنے دیں گے عمران خان

شریف خاندان کی سیکیورٹی کے لئے1260پولیس اہلکار تعینات ہیں جن پرسالانہ 40 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک April 23, 2013
نواز شریف ڈرپوک ہیں انہیں مجھ سے ڈر لگتا ہے،عمران خان۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف چاہے جو مرضی کرلیں، ان کی چھٹی باری نہیں آنے دیں گے۔

ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک میں لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں کیا لیکن اب ہمیں ان خاندانی پارٹیوں کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسا بلدیاتی نظام لائے گی جس سے عوام مضبوط ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانی جماعتوں کا وقت ختم ہوگیا اور 11 مئی کو اب تحریک انصاف کی باری آئے گی۔

اس سے قبل رینالہ خورد اور اوکاڑہ میں جلسوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے ایک بار پھر نواز شریف کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنچ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ڈرپوک ہیں انہیں مجھ سے ڈر لگتا ہے، کرکٹ کے میدان میں تو وہ مقابلہ نہیں کرسکتے ٹی وی پر ہی مناظرے کے لئے آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جو نظام لارہی ہے اس میں عوام کو رکن قومی اور صوبائی اسمبلی کے ڈیروں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، گاؤں کی منتخب پنچائت کے پاس تمام اختیارات ہوں گے، پولیس اور پٹواری بھی ان ہی کے ماتحت ہوگا، ترقیاتی فنڈز ایم این اے اور ایم پی اے کو دینے کے بجائے منتخب پنچایتوں کو جاری ہوں گے جو اپنی مرضی سے ان کا استعمال کریں گے، ہمارے لائے جانےوالے نظام میں پٹواری کا کام بھی بہت تھوڑا ہوگا کیونکہ تحریک انصاف زمینوں کا سارا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرے گی جس کے بعد زمینوں پر قبضے نہیں ہوں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے میدان میں دو ٹیمیں مد مقابل ہوتی ہیں جن کے پاس صرف دو اننگز ہوتی ہیں لیکن یہاں تو ان کا 5،5 باریاں لینے کے بعد بھی دل نہیں بھرا۔ نواز شریف اور شوباز شریف پنجاب میں 5 باری لینے کے بعد بھی نظام کو نہیں بدل سکے، اب وہ چھٹی باری میں ملک کی تقدیر کیا بدلیں گے۔ اپنے آپ کو پنجاب کا خادم اعلیٰ کہنے والے شریف خاندان کی سیکیورٹی کے لئے 1260 پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ ان کی سیکیورٹی پر عوام کے 40 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں انتخابات کے موقع پر سیاسی قیادت ٹی وی پر مناظرہ کرتی ہے جس کے بعد عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ ان کے ووٹ کا اصل حقدار کون ہے لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا ، وہ ایک بار پھر نواز شریف کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج دیتے ہیں کیونکہ نواز شریف کرکٹ کے میدان میں تو ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ٹی وی پر ہی مناظرے میں آجائیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ نوجوانوں پر بڑی بھاری ذمہ داری آئی ہے کیونکہ ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے انہیں ایک ہی موقع ملا ہے وہ اپنے بڑوں کو سمجھائیں کہ نہ یہ قائد اعظم کی مسلم لیگ ہے اور نہ ہی ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی ہے اس لئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں اور انہیں یقین ہے کہ 11 مئی کی شام کو ہم سب نئے پاکستان کی آزادی کا جشن منائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |