افغانستان کے صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمت کی کوششوں میں تعاون کے وعدے پورا کرنے میں ناکام رہا ہے اب اس سلسلے میں مزید انتظار نہیں کیا جاسکتا۔
کابل میں پریس کانفرنس کے دوران افغان صدر حامد کرزئی کے ترجمان ایمل فیضی نے کہا کہ پاکستان نے بارہا افغانستان میں امن کے لئے مفاہمتی عمل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی لیکن درحقیقت اسلام آباد کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے لیے ان کے ملک کا پیغام ہے کہ "بس اب بہت ہوچکا" کابل حکومت پاکستان کی جانب سے وعدوں کے وفا ہونے کا مزید انتظار نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر حامد کرزئی پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی متوقع ملاقات میں پاکستان پر واضح کردیں گے کہ اب افغان عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ برسلز میں نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہورہا ہے جبکہ بدھ کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور افغان صدر کے درمیان باہمی ملاقات ہوگی جس میں افغانستان سے امریکی فوجی انخلا اور مفاہمتی عمل کے علاوہ پاک افغان حکومتوں میں کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔