بال ٹیمپرنگ کے بعد ڈیوڈ وارنر کا بچہ ضائع ہونے کا انکشاف

شدید دباؤ، طویل فلائٹ اور میڈیا کے چھبتے ہوئے سوالات ذمہ دار قرار۔


خبر ایجنسی May 25, 2018
شدید دباؤ، طویل فلائٹ اور میڈیا کے چھبتے ہوئے سوالات ذمہ دار قرار۔ فوٹو: فائل

LONDON: بال ٹیمپرنگ واقعے کے بعد ڈیوڈ وارنر کا بچہ ضائع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا اسکینڈل سامنے آیا جس میں اوپنر ڈیوڈ وارنر، کپتان اسٹیون اسمتھ اور بینکرافٹ پر پابندی عائد کردی گئی تاہم اب وارنر کی اہلیہ کینڈک وارنر نے انکشاف کیا ہے کہ سڈنی میں اوپنر کی جانب سے آنسوؤں سے بھری پریس کانفرنس کے ایک ہفتے بعد ہی ان کا بچہ ضائع ہوگیا، انھوں نے اس سارے واقعے کے شدید دباؤ اور طویل ترین فلائٹ کو اس کی وجہ قرار دیا۔

کینڈک وارنر کا کہنا ہے کہ ہمارے بچے کا ضیاع اس خوفناک ترین ٹور کا اختتام تھا، بال ٹیمپرنگ واقعے کے بعد عوام کے شدید ردعمل کا بھی اثر ہوا۔

یاد رہے کہ وارنر کی پہلے دو بیٹیاں ہیں جن میں سے ایوی مائی تین اور انڈی رائی دو برس کی ہیں۔ کینڈک وارنر کا کہنا تھا کہ کیپ ٹاؤن ہی میں ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ہم تیسرے بچے کے والدین بننے والے ہیں، ہم بہت ہی زیادہ خوش تھے، ہمیں تب یہ خیال ہی نہیں آیا کہ اس بچے کے ساتھ ہمارا تعلق کتنی دور تک رہے گا، جس وقت بال ٹیمپرنگ کا واقعہ ہوا میں ٹی وی پر میچ دیکھ رہی تھی اس واقعے کے بعد میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئی۔

واضح رہے کہ بعد میں جب وارنر کو ٹور سے باہر کیا گیا تو وہ کپتان اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کے ہمراہ وطن واپس جانا چاہتے تھے مگر انھیں ایک الگ فلائٹ پر بھیجا گیا جوکہ بہت ہی طویل تھی۔

کینڈک کہتی ہیں کہ ہمیں بہت ہی طویل اور سخت روٹ پر سفر کرنا پڑا، کوئی نہیں جانتا تھا کہ میں امید سے ہوں، جب ہم سڈنی پہنچے تو ہمیں بتایا گیا کہ ایک نجی راستے سے ہمیں باہر بھیجا جائے گا مگر وہاں پر ہمیں میڈیا کا سامنا کرنا پڑا، 23 گھنٹوں کی فلائٹ کے بعد میرے لیے یہ سب جھیل پانا بہت مشکل تھا۔ اس سارے واقعے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ہم کچھ بھی ایسا نہیں کریں گے جس سے ہماری زندگی مزید دشوار ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں