مشن ایشین گیمز کے لیے بھی ہاکی پلان تیار

انڈونیشیا میں شیڈول ایونٹ سے قبل گرین شرٹس ملائیشیا میں 3 میچز کی سیریزکھیلیں گے، اولمپکس کی ٹکٹ کٹوانے کا موقع موجود

انڈونیشیا میں شیڈول ایونٹ سے قبل گرین شرٹس ملائیشیا میں 3 میچز کی سیریزکھیلیں گے، اولمپکس کی ٹکٹ کٹوانے کا موقع موجود۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

چیمپئنز ٹرافی کے بعد ایشین گیمز کی تیاریوں کیلیے بھی پلان مرتب کرلیا گیا۔

فٹبال، ریسلنگ سمیت پاکستان کی متعدد کھیلوں کی تنظیموں کی نگاہیں رواں برس انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے والی ایشین گیمز پر مرکوز ہیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی طرف سے کھلاڑیوں کی تیاریوں کے لیے بھر پور کیمپس کا سلسلہ شروع نہیں ہوسکا ہے تاہم تنظیمیں اپنے طور پر پلیئرز کو خصوصی مشقیں کروانے میں مصروف ہیں۔ پاکستان فٹبال ٹیم کا کیمپ بھی اپنی مدد آپ کے تحت 25 مئی سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایشین گیمز 18 اگست سے شروع ہو کر 2 ستمبر تک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری رہیں گے، ایشیائی ایونٹ میں ایشیائی ملکوں کے ہزاروں کھلاڑی 40 گیمز کے 462 ایونٹس کے دوران ایکشن میں دکھائی دیںگے۔

ملکی دوسری فیڈریشنوں کے بعد اب پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی میدان میں آگئی ہے اور اس نے آئندہ ماہ ہالینڈ میں ہونے والی ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے بعد ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے بھی ابھی سے اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔


ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم ایشین گیمز کا حصہ بننے سے قبل ملائیشیا کا دورہ کرے گی اور میزبان سائیڈ کے خلاف3 میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف حکام کا خیال ہے کہ ملائیشیا کی ہاکی ٹیم بڑی تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے، قومی ٹیم کے بیشتر کھلاڑی مہاتیر کے دیس میں ہاکی لیگز کھیلتے دکھائی دیتے ہیں، اس لیے اس دورے کی وجہ سے گرین شرٹس کو خاصا فائدہ ہوگا۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے ابھی سے کھلاڑیوں کو باور کرایا جا رہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ہی ایشین گیمز کے لیے اپنی ٹیم میں جگہ برقرار رکھ سکیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 2016 کے اولمپکس گیمز میں بھی حصہ نہیں لے سکی تھی، 2020 کی اولمپکس میں قومی ٹیم کی ہر حال میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ غیر ملکی کوچ راولنٹ اولٹمنز کے بعد آسٹریلوی ٹرینر کی خدمات بھی اس لیے حاصل کی گئی ہیں، عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں کیمپ کے دوران گول کیپر اور پنالٹی کارنر اسپشلسٹ کوچ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

فیڈریشن عہدیدار کے مطابق ایشین گیمز ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل اس لیے بھی ہے کہ اس ایونٹ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمانے کی صورت میں گرین شرٹس اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
Load Next Story