بلا لے کر گھومنے والوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں صرف خیالی پلاؤ ہے نوازشریف

عوام یاد رکھیں کہ جو ووٹ (ن) لیگ کو نہ ملا وہ صدر زرداری کا ہوگا اور پھر بدامنی اور کرپشن کا دور دورہ ہوگا، نواز شریف


ویب ڈیسک April 23, 2013
سابق حکمرانوں نے پاکستان میں جو کچھ کیا احسان جتا کر کیا، نواز شریف۔ فوٹو : ایکسپریس

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ بلا لے کر گھومنے والوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں صرف خیالی پلاؤ ہے اور عوام یاد رکھیں کہ جو ووٹ مسلم لیگ (ن) کو نہیں جائے گا وہ صدر زرداری کا ہوگا اور ملک میں پھرغربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کا دور دورہ ہوگا۔

ڈجکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حق بات کرتے ہیں کسی کی ذات پر تنقید نہیں کرتے، صدر زرداری کہتے ہیں کہ ان پر تنقید نہ کی جائے، ان کے 5 سالہ دور حکومت میں لوٹ مار اور کرپشن کا راج رہا، کراچی میں لاشیں گرنا روز کا معمول بن گئیں، ملک اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا۔ اس دور کےبارے میں کیا انہیں خاموش رہنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بلا لے کر گھومنے والوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں بس یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ نوجوان ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمروں نے ہماری حکومت کو ختم کیا اور یہ بھی نہیں سوچا کہ جس نے پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا اس کے خلاف غیر آینی اقدامات کا کیا جواز ہے۔ اناڑی کھلاڑی کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت کرائیں گے، ہم نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس وقت دنیا میں ہماری عزت ہورہی تھی، ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے بھارت کو بھی تمیز سے بات کرنا آگیا اور اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم پاکستان آئے اور مینار پاکستان پر جاکر پاکستان کو حقیقت قرار دیا۔

نوازشریف نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں لیکن سابق حکمرانوں نے پاکستان میں جو کچھ کیا احسان جتا کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرعوام چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کی نئی منزلیں طے کرے تو پھرانتخابات میں مسلم لیگ(ن) کواتنی برتری دلا دیں کہ انہیں کسی اور کے پاس حمایت کے لئے نہ جانا پڑے کیونکہ برتری کے بغیر خدمت نہیں ہوسکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں