پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے بارود سے بھری گاڑی پکڑی گئی

گاڑی سے 40کلو بارودی مواد برآمد ہوا جو گاڑی کی ڈگی اور اس کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا، آئی جی اسلام آباد


ویب ڈیسک April 23, 2013
پکڑی گئی گاڑی کا نمبرکیو ایم 749 ہے اور اس میں موجود دھماکا خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔ فوٹو: ظفر اسلم/ ایکسپریس

چک شہزاد میں سابق صدر پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے بارود سے بھری ایک گاڑی پکڑی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندے قمر المنور کے مطابق پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کے سامنے والے روڈ سے ایک گاڑی ملی جس میں سیٹوں کو دونوں اطراف سے کاٹ کر اس میں بارودی مواد رکھا گیا تھا اور اسے ڈینوٹیٹر سے منسلک کیا گیا تھا۔ پکڑی گئی گاڑی کا نمبر کیو ایم 749 ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر گاڑی میں موجود دھماکا خیزمواد کو ناکارہ بنادیا جس کے بعد پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانہ شہزاد ٹاؤن منتقل کر دیا۔ آئی جی اسلام آباد بن یامین نے بتایا کہ گاڑی سے 40کلو بارودی مواد برآمد ہوا جو گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔

آج صبح ہی اسی راستے سے گزر کر پرویزمشرف راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت گئے تھے جس کے باعث علاقے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، پرویز مشرف کی عدالت سے واپسی کے وقت بھی یہ گاڑی وہاں کھڑی ہوئی تھی لیکن گاڑی کو سیکیورٹی اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ نہ دیکھ سکا، بارود سے بھری گاڑی کھڑی کرنے والوں نے اسے پرویز مشرف کی عدالت سے واپسی پر اڑانے کا پروگرام بنایا تھا لیکن خوش قسمتی سے گاڑی میں موجود ڈیٹونیٹر نہ پھٹ سکے۔

واضح رہے کہ سابق صدر ان دنوں غداری کے الزام میں اپنے ہی فارم ہاؤس میں نظر بند ہیں جسے حکومت کی جانب سے سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں