الیکشن کمیشن کا یکم اپریل کے بعد ملازمتوں کے اشتہارات ٹینڈر کا نوٹس فنڈز روکنے کا حکم

عام انتخابات کو غیرجانبدارانہ، شفاف بنانے کیلیے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات، ملازمتوں پر پابندی لگائی گئی، الیکشن کمیشن


Numainda Express May 25, 2018
سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر نوٹس جاری، متحدہ ارکان کامعاملہ الگ کر دیا گیا۔ فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن نے سرکاری اداروںکی جانب سے ٹینڈر اور ملازمتوں کے اشتہارات جاری کرنے سے متعلق اطلاعات کاسخت نوٹس لیتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیوکو یکم اپریل کے بعدجاری شدہ ٹینڈر اور ملازمتوںکیلیے فنڈ روکنے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں مختلف اداروں کی جانب سے ٹینڈر اور ملازمتوں کے اشتہارات جاری کرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیوکو خط لکھا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق نوٹس میں آیا ہے کہ مختلف ادارے ٹینڈرز اور ملازمتوں کے اشتہارات جاری کر رہے ہیں، خط میں یکم اپریل کے بعدجاری شدہ ٹینڈرز اورملازمتوںکیلیے فنڈ روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کاکہنا تھاکہ اے جی پی آر یکم اپریل کے بعد جاری ٹینڈرزکے فنڈ جاری نہ کرے، عام انتخابات کوغیرجانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف بنانے کیلیے یکم اپریل سے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اور سرکاری ملازمتوں پر پابندی عائدکررکھی ہے، اے جی پی آر یکم اپریل کے بعدبھرتی ہونے والی ملازمین کی تنخواہ بھی جاری نہ کرے۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے معاملے پر ایم کیوایم کے رہنماؤں کاکیس الگ کردیا ہے۔ ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے معاملے کی سماعت کی۔

تحریک انصاف کے وکیل شاہدگوندل نے بتایاکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہارس ٹریڈنگ سے متعلق بیان پر عمران خان نے درخواست دائرکی ہے، وزیراعظم نے ووٹوںکی خریدوفروخت سے متعلق ننکانہ صاحب میں بیان دیا، وزیراعظم کو نوٹس جاری کر کے ان سے شواہد مانگے جائیں کیونکہ وزیراعظم ملک کی سب سے زیادہ معلومات رکھنے والی شخصیت ہیں، ہم نے اپنے ارکان کو نوٹس جاری کیے ہیں، ملوث ارکان کے خلاف انضباطی کارروائی کررہے ہیں اوراس کارروائی سے متعلق الیکشن کمیشن کوآگاہ کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے رکن خیبرپختونخوااسمبلی معراج ہمایوں کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے سے متعلق قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤکی درخواست پر معراج ہمایوں کو آخری موقع دے کرذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، الیکشن کمیشن نے مزید سماعت28 مئی تک ملتوی کردی، معراج ہمایوں نے قومی وطن پارٹی سے منحرف ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں